قائمہ کمیٹی کا کام کرپشن کے مقدمات میں ضمانتیں اور بریت دلانا نہیں، اعظم نذیر تارڑ
وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ قائمہ کمیٹی کا کام کسی کو ضمانتیں دلانا، جیل میں ملاقاتیں کرانا یا کرپشن کے مقدمات میں بریت دلانا نہیں ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ قائمہ کمیٹی وہ کام نہیں کر سکتی، جس کا مطالبہ پی ٹی آئی کر رہی ہے، ان کی تقریر کے دوران ایوان میں اپوزیشن کا شور شرابہ بھی جاری رہا۔
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے ارکان نے اعظم نذیر تارڑ کی تقریر کے دوران نعرے لگائے، اور ایوان میں شور شرابہ کیا۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کا مقصد اگر قائمہ کمیٹی کے ذریعے کسی کو بریت دلوانا ہے، تو یہ قائمہ کمیٹی کا کام نہیں ہے، کرپشن کے مقدمات میں ضمانتیں دلوانے کا کام بھی قائمہ کمیٹی نہیں کرسکتی۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ماضی میں 9 مئی 2023 اور نومبر 2024 میں کیے گئے مبینہ پُرتشدد احتجاج کے بعد سے ان کے کئی کارکن اور رہنما مقدمات بھگت رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بھی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اڈیالہ جیل میں سزا کاٹ رہی ہیں، انہوں نے سزاؤں کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل بھی دائر کر رکھی ہے۔
اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے نائب چیئرمین و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی کئی ماہ سے جیل میں ہیں، گزشتہ ہفتوں میں انہیں طبیعت کی خرابی کی وجہ سے ہسپتال بھی منتقل کیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی نے مختلف فورمز پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کیخلاف مقدمات کو سیاسی انتقام کی کارروائیاں قرار دیتے ہوئے ان کی جیل سے رہائی اور مقدمات ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔