کراچی: تاجر تنظیموں نے بجٹ میں سیکشن 37AA کو متنازع قرار دیکر احتجاجی مہم شروع کردی
کراچی کی تاجر تنظیموں اور انجمنوں نے وفاقی بجٹ میں سیکشن 37AA کو متنازع قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف احتجاجی مہم شروع کردی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق تاجر تنظیموں کی جانب سے شہر قائد کے مخلتف مقامات پر احتجاجی بینرز آویزاں کردیے گئے ہیں، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) نے بتایا ہے کہ اس قانون کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو بے جا اختیارات دیے گئے ہیں، جس سے تاجروں میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے۔
کراچی چمبر آف کامرس ایند انڈسٹری کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر آویزاں کیے گئے بینرز پر متنازع سیکشن کے خلاف نعرے درج ہیں، کے سی سی آئی نے کہا ہے کہ پہلے ہی بڑی تعداد میں تاجر ملک سے چلے گئے، اب اس طرح کے قوانین نافذ کرکے مزید تاجروں کو بھی زد و کوب کیا جارہا ہے۔
تاجروں کا مؤقف ہے کہ ایک طرف حکومت کہتی ہے کہ ہم تاجروں کو سہولت فراہم کریں گے تو دوسری طرف ایف بی آر کو پولیسنگ کے اختیارات دیے جارہے ہیں، جو کسی بھی تاجر کو جس وقت چاہے تذلیل کا جواز فراہم کرتے ہیں۔