دنیا

غزہ میں وحشیانہ مظالم پر ہسپانوی وزیراعظم کا یورپی یونین سے اسرائیل کے ساتھ تعاون کا معاہدہ معطل کرنے کا مطالبہ

یورپی یونین نے یوکرین پر حملے کے بعد روس پر 18 مرتبہ پابندیاں عائد کیں، لیکن ' دہرے معیار' کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیل کے ساتھ معاہدہ تک معطل کرنے سے قاصر ہے، پیدرو سانچیز

اسپین کے وزیرِاعظم نے غزہ میں وحشیانہ اسرائیلی مظالم پر یورپی یونین سے اسرائیل کے ساتھ تعاون کا معاہدہ معطل کرنے کا مطالبہ کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق، اسپین کے وزیرِاعظم پیدرو سانچیز نے کہا ہے کہ غزہ ’ نسل کشی کی تباہ کن صورتحال’ سے دوچار ہے، انہوں نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اسرائیل کے ساتھ تعاون کے معاہدے کو معطل کرے۔

اکتوبر 2023 سے غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں پر یورپی یونین سے اسرائیل کے ساتھ تعاون کی معطلی کا مطالبہ، ہسپانوی وزیراعظم کی جانب سے سب سے سخت ردعمل ہے۔

برسلز میں یورپی یونین کے اجلاس سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیدورو سانچیز نے یورپی یونین کی سفارتی سروس کی جانب سے جاری کردہ ایک حالیہ انسانی حقوق کی رپورٹ کا حوالہ دیا، جس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ ’ غزہ میں جاری نسل کشی کی تباہ کن صورتحال’ کو اجاگر کرتی ہے۔

پیدرو سانچیز نے کہا کہ یہ بات بالکل واضح ہے کہ اسرائیل اپنی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، اور یورپی یونین کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر اس سے تعاون کا معاہدہ معطل کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ یورپی یونین نے یوکرین پر حملے کے بعد روس پر 18 مرتبہ پابندیاں عائد کیں، لیکن ’ دہرے معیار’ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیل کے ساتھ معاہدہ تک معطل کرنے سے قاصر ہے۔