پاکستان

پنجاب پبلک سروس کمیشن نے پی ایم ایس 2023 کےنتائج کا اعلان کردیا

21022 امیدواروں میں سے 391 کو کامیاب قرار دیا گیا، اسسٹنٹ کمشنر بننے کے لیے امیدواروں کو سائیکالوجسٹ اسیسمنٹ کے بعد انٹرویو کے مرحلےسے گزرنا پڑے گا

پنجاب پبلک سروس کمیشن نے مقابلے کےامتحان ’ پی ایم ایس ’ برائے سال 2023 کےنتائج کا اعلان کردیا، 391 امیدوار کامیاب قرار پائے۔

ڈان نیوز کے مطابق پنجاب پبلک سروس کمیشن نے مقابلے کےامتحان ’ پی ایم ایس ’ برائے سال 2023 کےنتائج کا اعلان کردیا، سیکرٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن افضال احمد نے کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹرسید کاظم مقدس کےمطابق391 امیدواروں نےتحریری امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے، تحریری امتحان میں کامیاب امیدواروں کو سائیکلوجیکل ایسس منٹ کے لیے بلایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسسٹنٹ کمشنر بننے کے لیے امیدواروں کو سائیکالوجسٹ اسیسمنٹ کے بعد انٹرویو کے مرحلےسے گزرنا پڑے گا۔

پی ایم ایس کے تحریری امتحان میں 21022 امیدواروں نے شرکت کی تھی، جن میں سے 6513 امیدوارکامیاب ہوئے تھے، امیدواروں کو فیز ٹو تحریری امتحان کے لیے بلایا گیا تھا۔

فیز ٹو کے تحریری امتحان میں حتمی طور پر کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں کی فہرستیں آج پی ایس سی نے جاری کی ہیں ،جس میں391 امیدواروں کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔