امریکی ویزا کے خواہش مندوں کو سوشل میڈیا اکاؤنٹس جانچ پڑتال کیلئے پبلک کرنے کی ہدایت
امریکی قونصل خانوں کی جانب سے امریکا کے نان امیگرنٹ ویزا کے درخواست گزاروں کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس جانچ پڑتال کیلئے پبلک کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
جمعرات کو امریکا کے قونصل خانوں نے کراچی اور لاہور میں تمام F، M یا J نان امیگرنٹ ویزا کے درخواست گزاروں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو جانچ پڑتال (ویٹنگ) کے لیے عوامی (پبلک) کر دیں، اس سے قبل اسی ہفتے دہلی میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے بھی اسی طرح کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے بدھ کو طلبہ ویزا اپائنٹمنٹس کی بحالی کا حکم دیا ہے، تاہم اس کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کی جانچ پڑتال کو نمایاں طور پر سخت کر دیا گیا ہے تاکہ ایسے درخواست گزاروں کی شناخت کی جا سکے جو امریکا کے لیے ممکنہ طور پر مخاصمانہ رویہ رکھتے ہوں، یہ بات رائٹرز کی جانب سے دیکھی گئی امریکی محکمہ خارجہ کی ایک اندرونی کیبل میں کہی گئی ہے۔
18 جون کو اس کیبل میں، جو بدھ کو امریکی مشنز کو بھیجی گئی، کہا گیا ہے کہ امریکی قونصل افسران کو اب تمام طلبہ اور تبادلہ پروگرام کے درخواست گزاروں کی ’ جامع اور مکمل جانچ پڑتال’ کرنی ہوگی تاکہ ان افراد کی شناخت کی جا سکے جو ’ ہمارے شہریوں، ثقافت، حکومت، اداروں یا بانی اصولوں کے خلاف دشمنی کا رویہ رکھتے ہوں۔’
آج انسٹاگرام پر اپلوڈ کی گئی پوسٹس میں امریکی قونصل خانوں نے کہا:’ فوری طور پر مؤثر، تمام افراد جو F، M یا J نان امیگرنٹ ویزا کے لیے درخواست دے رہے ہیں، ان سے درخواست ہے کہ وہ اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی پرائیویسی سیٹنگز کو ’پبلک‘ پر سیٹ کریں تاکہ ان کی شناخت اور امریکا میں داخلے کی اہلیت کے لیے ضروری جانچ پڑتال کی جا سکے۔’
مزید کہا گیا کہ 2019 سے امریکا ویزا درخواست دہندگان سے یہ تقاضا کرتا آیا ہے کہ وہ امیگرنٹ اور نان امیگرنٹ ویزا درخواست فارم پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے نام اور اپنے اکاؤنٹ ہینڈلز فراہم کریں۔
قونصل خانے نے متنبہ کیا۔’ اگر آپ نے درخواست میں سوشل میڈیا کی معلومات فراہم نہیں کیں تو اس سے ویزا مسترد ہونے اور مستقبل کے امریکی ویزا کے لیے نااہلی ہو سکتی ہے۔’
F اور M ویزا مختلف قسم کے طالبعلم ویزے ہیں، جبکہ J ویزا ایک نان امیگرنٹ ویزا ہے جو ان افراد کے لیے ہوتا ہے جو امریکا میں تبادلہ پروگراموں میں شرکت کے لیے منظور شدہ ہوں۔
27 مئی کو، ٹرمپ انتظامیہ نے اپنے بیرونِ ملک مشنز کو حکم دیا تھا کہ وہ طلبہ اور تبادلہ پروگرام کے ویزا درخواست گزاروں کے لیے نئی اپائنٹمنٹس دینا بند کر دیں، یہ کہتے ہوئے کہ محکمہ خارجہ غیر ملکی طلبہ کی سوشل میڈیا جانچ پڑتال کو وسعت دینے جا رہا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ جیسے ہی نظرثانی مکمل ہو گی، نئی ہدایات جاری کر دی جائیں گی۔