کھیل

ویسٹ انڈیز کے معروف کھلاڑی پر 11 خواتین سے ریپ کا الزام

مذکورہ کرکٹر اس وقت ویسٹ انڈیز کی قومی ٹیم کا حصہ ہے، متاثرہ خواتین کی تعداد کم از کم 11 ہے جن میں ایک نوعمر لڑکی بھی شامل ہے، رپورٹ

ویسٹ انڈیز کے معروف کرکٹر پر 11 خواتین کی جانب سے جنسی ہراسانی اور زیادتی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ویسٹ انڈیز کی مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے اہم کھلاڑی پر متعدد خواتین نے جنسی ہراسانی اور ریپ کے الزامات عائد کیے ہیں۔

کیریبین کے اسپورٹس میکس ٹی وی کی ایک ویڈیو رپورٹ کے مطابق اس کرکٹر کا تعلق گیانا سے ہے اور موجودہ قومی ٹیم کا حصہ ہے، تاہم 11 خواتین کی جانب سے الزامات کے باوجود اب تک کرکٹر کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔

کرکٹ ویسٹ انڈیز نے بھی اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ کھلاڑی جنوری 2024 میں برسبین میں آسٹریلیا کو شکست دینے والی ٹیم کا بھی حصہ تھا اور وطن واپس پہنچنے پر مذکورہ کھلاڑی کا شاندار استقبال کیا گیا تھا۔

ویڈیو رپورٹ میں بتایا گیا ’میں نے کم از کم 11 خواتین کے بیانات سنے ہیں، جن میں سے ایک کم عمر لڑکی بھی شامل ہے، جنہوں نے الزام لگایا ہے کہ ان کے ساتھ اس کھلاڑی نے جنسی زیادتی، ریپ یا ناپسندیدہ جنسی حرکات کیں۔

اسپورٹس میکس ٹی وی نے کرکٹ ویسٹ انڈیز سے اس بارے میں رابطہ کیا کہ آیا وہ اس معاملے سے واقف ہیں، کیا کوئی تحقیقات ہو رہی ہیں اور کیا حقائق کو چھپانے کی کوشش کی گئی ہے۔

اس پر کرکٹ ویسٹ انڈیز کے صدر کشور شالو نے کہا ’کرکٹ ویسٹ انڈیز کو ان حالات کا علم نہیں، لہٰذا اس وقت ہم کوئی تبصرہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں‘۔

وکیل نائیجل ہیوز کا کہنا تھا کہ متاثرہ خواتین نے ابھی تک کھلاڑی کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کرایا، آسٹریلیا کے دورے کے بعد جب کھلاڑی واپس گیانا آیا تو اس کے خلاف باتیں بھی دب گئی تھیں۔