پاکستان

سندھ میں اتوار تک طوفانی بارشوں، شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ

متعلقہ اداروں کو کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے الرٹ رہنے اور ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پاکستان محکمہ موسمیات نے 29 جون (اتوار) تک کراچی، حیدرآباد اور سندھ کے دیگر علاقوں میں موسلادھار بارشوں اور شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کردیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو سندھ کے کئی علاقوں میں درمیانی سے تیز بارش ہوئی، جس سے صوبے بھر میں طویل خشک موسم کا خاتمہ ہوا اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

محکمہ موسمیات نے پہلے ہی کئی شہروں میں شہری سیلاب کی وارننگ جاری کر رکھی تھی۔

اپنی تازہ ترین موسمی ایڈوائزری میں محکمہ موسمیات نے بتایا ’صوبے پر مضبوط مون سون ہوائیں اثر انداز ہو رہی ہیں‘۔

جس کے تحت کراچی، حیدرآباد، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، دادو، سکھر، لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ، شکارپور، خیرپور، نوشہرو فیروز، شہید بے نظیر آباد، مٹیاری، سانگھڑ، جامشورو، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، جیکب آباد، گھوٹکی، کشمور اور تھرپارکر اضلاع میں 29 جون تک گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔

کراچی کے لیے جاری کردہ موسمی پیشگوئی میں کہا گیا ہے کہ جمعہ (آج) کو وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ درمیانی سے تیز بارش متوقع ہے جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد رہے گا۔

مزید بتایا کہ ہفتہ 28 جون کو بھی شہر میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ درمیانی سے تیز بارش متوقع ہے، اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 سے 80 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار 29 جون کو موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور بارش کا امکان ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 سے 85 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارش، آندھی اور بجلی گرنے سے روزمرہ معمولات متاثر ہو سکتے ہیں، شہری سیلاب اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے جب کہ کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، سائن بورڈز، گاڑیوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

علاوہ ازیں، کاشتکاروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ موسمی پیشگوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی سرگرمیوں کا انتظام کریں، متعلقہ اداروں کو بھی کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے الرٹ رہنے اور ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ عامر حیدر کے مطابق جمعرات کو گلشنِ حدید میں 17 ملی میٹر، میٹ آفس یونیورسٹی روڈ پر 13.4 ملی میٹر، پی اے ایف فیصل بیس پر 12 ملی میٹر، ایئرپورٹ اولڈ ایریا میں 9.3 ملی میٹر، نارتھ کراچی اور کورنگی میں 8.4 ملی میٹر، ڈی ایچ اے فیز 2 میں 7.8 ملی میٹر، کیماڑی میں 6 ملی میٹر، جناح ٹرمینل پر 5.2 ملی میٹر، سرجانی ٹاؤن میں 4.5 ملی میٹر اور پی اے ایف مسرور میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

پہلی بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی جب کہ جمعہ کے روز کم سے کم درجہ حرارت 27.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جناح ٹرمینل پر درجہ حرارت 28.1 ڈگری، ماڑی پور میں 28 ڈگری، شارع فیصل پر 27.5 ڈگری، گلستانِ جوہر میں 26.3 ڈگری اور بن قاسم میں 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔