پاکستان

سیالکوٹ: دریائے سوات میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والی ماں اور 2 بیٹیوں کی تدفین

ایک ہی گھر سے 3 میتیں اٹھنے پر کہرام مچ گیا، ہر آنکھ اشک بار، نماز جنازہ دارالعلوم مدینہ ڈسکہ میں ادا کی گئی، شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، حویلیاں میں ڈوبنے والے بچے بھی سپرد خاک

پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں دریائے سوات میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والی ماں اور 2 بیٹیوں کی تدفین کر دی گئی، ایک ہی گھر سے 3 جنازے اٹھنے پر کہرام مچ گیا، علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں نماز جنازہ میں شرکت کی۔

ڈان نیوز کے مطابق دریائے سوات میں جاں بحق ہونے والی روبینہ زوجہ عبدالسلام، شرمین دختر عبدالسلام، تزمین دختر عبدالسلام کی نماز جنازہ دارالعلوم مدینہ ڈسکہ میں ادا کی گئی، علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ بعد ازاں تینوں کو سپرد خاک کردیا گیا۔

قبل ازیں ایک ہی گھر میں 3 میتیں پہنچائی گئیں تو کہرام مچ گیا، لوگوں کی بڑی تعداد افسوس اور تعزیت کا اظہار کرنے متاثرہ خاندان کے پاس پہنچی، افسوس ناک واقعے پر ہر آنکھ اشک بار تھی۔

تینوں ماں بیٹیوں کو سیکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا میں موسلادھار بارش کے باعث دریائے سوات بپھر گیا تھا، جس کے نتیجے میں 7 مقامات پر خواتین اور بچوں سمیت 75 سے زائد افراد دریا میں بہہ گئے تھے، جن میں سے 10 افراد کی لاشیں نکالی گئی تھیں اور 55 سے زائد افراد کو ریسکیو کرلیا گیا تھا۔

ریسکیو ترجمان نیاز احمد خان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں موسلادھار بارش کے بعد دریائے سوات میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی تھی، جس کے نتیجے میں 7 مقامات پر درجنوں افراد سیلاب کی نذر ہوگئے تھے۔

سوات میں بائی پاس کے مقام پر دریا برد ہونے والے خاندان کے زندہ بچ جانے والے فرد نے بتایا کہ ان کی 2 بیٹیوں سمیت خاندان کے 9 افراد دریائے سوات کی نذر ہوئے ہیں، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔

واقعے کی خوفناک فوٹیجز بھی سامنے آئی ہیں جن میں خواتین اور بچوں سمیت ایک درجن افراد کو مٹی کے ٹیلے پر پھنسا ہوا دیکھا جاسکتا ہے اور کچھ ہی دیر میں تمام افراد دریا کی نذر ہوتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

حویلیاں میں ڈوبنے والے 3 بچوں کی بھی تدفین

ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں کی حدود ندی دوڑ میں ڈوب کر جاں بحق تینوں بچوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

نماز جنازہ میں اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی، بچوں کی اچانک موت سے علاقے کی فضا سوگوار ہوگئی۔

گزشتہ شام 3 بہن بھائی ندی دوڑ میں طغیانی کی زد میں آکر ڈوب گئے تھے جن کی لاشیں کچھ دیر بعد اہل علاقہ نے نکالی تھیں، واقعہ تھانہ پی او ایف کی حدود میں پیش آیا تھا۔