دنیا

خامنہ ای نے جنگ جیتنے کی ’احمقانہ‘ بات کی، ایران کو عالمی نظام میں واپس آنا ہوگا، ٹرمپ

خود کو دین دار کہنے والے شخص کو جھوٹ نہیں بولنا چاہیے، ایران سے پابندیاں ہٹانے کا سوچ رہا تھا، لیکن مجھے کیا ملا، نفرت بھرے بیان کے بعد پابندیوں میں نرمی روک دی، امریکی صدر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جنگ زدہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اتنی احمقانہ بات کیوں کی کہ ایران نے اسرائیل کے ساتھ جنگ جیت لی، جب کہ انہیں معلوم ہے کہ ان کا یہ بیان جھوٹ ہے اور حقیقت اس کے برعکس ہے۔

اپنے ٹروتھ سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں امریکی صدر نے کہا کہ ’ایک ایسے شخص کے طور پر جو خود کو بہت دین دار کہتا ہے، اسے جھوٹ نہیں بولنا چاہیے، اس کا ملک تباہ ہو چکا ہے، اُس کی 3 خطرناک نیوکلیئر سائٹس کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے، اور مجھے بالکل معلوم تھا کہ وہ کہاں چھپا ہوا ہے، اور میں نے اسرائیل یا امریکی مسلح افواج (جو دنیا کی سب سے عظیم اور طاقتور فورسز ہیں) کو ان کی جان لینے کی اجازت نہیں دی‘۔

انہوں نے کہا کہ ’میں نے انہیں ایک بہت بدترین اور ذلت آمیز موت سے بچایا، اور انہیں یہ کہنے کی بھی ضرورت نہیں کہ شکریہ، صدر ٹرمپ!‘

ان کا کہنا تھا کہ ’درحقیقت، جنگ کے آخری مرحلے میں اسرائیل کو میں نے حکم دیا کہ وہ ایک بہت بڑے جہازوں کے بیڑے کو واپس بلا لے، جو سیدھے تہران کی طرف جا رہے تھے، اور ایک بڑی کارروائی کے لیے تیار تھے (ممکنہ طور پر آخری اور فیصلہ کن وار کے لیے)، اس حملے سے بے تحاشا تباہی ہوتی، اور بہت سے ایرانی مارے جاتے، یہ جنگ کا سب سے بڑا حملہ ہونے والا تھا‘۔

امریکی صدر نے کہا کہ ’پچھلے چند دن میں، میں پابندیاں ہٹانے اور دیگر معاملات پر کام کر رہا تھا، جس سے ایران کو مکمل، تیز اور جامع بحالی کا بہتر موقع ملتا، کیونکہ پابندیاں بہت سخت ہیں، لیکن نہیں، اس کے بجائے مجھے ایک غصے، نفرت اور کراہت بھرے بیان کا سامنا کرنا پڑا، اور میں نے فوراً پابندیوں میں نرمی اور دیگر تمام کام روک دیے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ایران کو عالمی نظام میں واپس آنا ہوگا، ورنہ ان کے حالات مزید بدتر ہوں گے، وہ ہمیشہ اتنے ناراض، دشمنی سے بھرپور اور ناخوش رہتے ہیں، اور دیکھ لیں اس کا نتیجہ کیا نکلا، ایک جلا ہوا، تباہ حال ملک، جس کا کوئی مستقبل نہیں، ایک بکھری ہوئی فوج، خوفناک معیشت اور ہر طرف موت، اُن کے پاس کوئی امید نہیں بچی اور حالات صرف مزید خراب ہوں گے!‘

ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا کہ ’میری خواہش ہے کہ ایران کی قیادت کو یہ سمجھ آجائے کہ آپ اکثر ’سرکے‘ کے بجائے ’شہد‘ سے زیادہ حاصل کر سکتے ہیں، امن ہو‘۔