پاکستان

خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں سے 19 افراد جاں بحق، 6 زخمی

حالیہ بارشوں میں سب سے زیادہ سوات متاثر ہوا جہاں 13 افراد جاں بحق ہوئے، صوبے بھر میں ہونے والے حادثات کے باعث جان گنوانے والوں میں 5 خواتین اور 8 بچے بھی شامل ہیں، پی ڈی ایم اے

خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں سے 5 خواتین اور 8 بچوں سمیت 19 افراد جاں بحق جب کہ 6 زخمی ہوگئے، سیلابی ریلے کے باعث سوات سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں 13 افراد جان کی بازی ہارگئے۔ْ

ڈان نیوز کے مطابق پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں سے ہونے والے جانی نقصان سے متعلق ابتدائی رپورٹ جاری کردی۔

پی ڈی ایم اے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث 19 افراد جاں بحق جب کہ 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جان بحق ہونے والوں میں 6 مرد، 5 خواتین اور 8 بچے شامل ہیں جب کہ بارشوں میں 56 گھروں کو نقصان پہنچا اور 6 مکمل طور پر تباہ ہوئے۔

حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلے کے باعث سوات، ایبٹ آباد، چارسدہ، ملاکنڈ، شانگلہ، دیر لوئر اور تورغر میں حادثات پیش آئے جب کہ سب سے زیادہ متاثرہ ضلع سوات رہا جس میں 13 افراد جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کا سلسلہ یکم جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات اٹھانے کے لیے مراسلہ جاری کیا ہوا ہے۔