پاکستان

شہریوں کو موبائل فون پر موسمی صورتحال کی پیشگی اطلاع دی جائے، وزیراعظم کی ہدایت

این ڈی ایم اے ملک بھر میں اور بالخصوص بالائی علاقوں میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے معاونت فراہم کرے، شہباز شریف

ملک بھر میں بارشوں اور سیلابی صورتحال پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو شہریوں کے موبائل فون پر پیغامات کے ذریعے موسمی صورتحال کی پیشگی اطلاع دینے کی ہدایت کر دی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ٹیلی فونک رابطے میں وزیراعظم شہباز شریف کو ملک میں حالیہ بارشوں کی صورتحال پرآگاہی فراہم کی۔

شہباز شریف نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ملک بھر میں اور بالخصوص بالائی علاقوں میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطے میں رہنے اور معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے چئیرمین این ڈی ایم اے کو ریسکیو اداروں، ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومتوں سے رابطے مزید فعال کرنے کے بھی احکامات دیئے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو شہریوں کے موبائل فون پر پیغامات کے ذریعے موسمی صورتحال کی پیشگی اطلاع دینے کی ہدایت بھی کی۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں سے 5 خواتین اور 8 بچوں سمیت 19 افراد جاں بحق جب کہ 6 زخمی ہوگئے، سیلابی ریلے کے باعث سوات سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں 13 افراد جان کی بازی ہارگئے۔ْ

اُدھر بلوچستان میں بھی سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی ہے، ژوب میں پکنک منانے کے لیے آئی فیملی کی گاڑی سیلابی ریلے میں بہنے سے بچی سمیت 4 خواتین جاں بحق ہو گئی ہیں۔