لائف اسٹائل

’کانٹا لگا‘ سے شہرت حاصل کرنے والی شیفالی جریوالا 42 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں

اداکارہ نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں کم عمری میں مرگی کے دورے پڑتے تھے، جس نے ان کی خود اعتمادی کو متاثر کیا۔

بھارتی ماڈل و اداکارہ شیفالی جریوالا 42 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئیں۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق، اداکارہ کو اچانک طبیعت خراب ہونے پر اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔

واقعہ ممبئی میں ان کی رہائش گاہ پر پیش آیا، ابتدائی معلومات کے مطابق، ان کی موت کی وجہ دل کا دورہ بتائی جارہی ہے، لیکن ان کے اہلِ خانہ کی جانب سے تاحال اداکارہ کی موت کی حتمی وجہ نہیں بتائی گئی۔

شیفالی جریوالا نے اپنے شوبز کیریئر کا آغاز مشہور گانے ’کانٹا لگا‘ سے کیا تھا، جس کے بعد وہ بولی وڈ فلم ’مجھ سے شادی کروگی‘ سمیت متعدد فلموں اور ٹی وی شوز میں جلوہ گر ہوئیں، وہ مشہور ریئلٹی شو ’بگ باس 13‘ کا بھی حصہ رہ چکی ہیں۔

ان کی موت کی خبر سے بھارتی شوبز انڈسٹری اور ان کے مداح صدمے میں ہیں، سوشل میڈیا پر مداح اور شوبز شخصیات کی جانب سے افسوس اور دعاؤں کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔

اداکارہ کی آخری رسومات گزشتہ روز ادا کی گئیں، جس میں شوبز سے وابستہ کئی معروف شخصیات نے بھی شرکت کی، جن میں بگ باس سے شہرت پانے والی اداکارہ شہناز گل بھی شامل تھیں۔

شیفالی اپنے شوہر اداکار پراگ تیاگی کے ساتھ خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہی تھیں، وفات سے چند دن قبل وہ سوشل میڈیا پر فعال دیکھی گئیں اور انہوں نے اپنی تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔

قبل ازیں ایک انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں کم عمری میں مرگی کے دورے پڑتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ 15 برس کی عمر میں مرگی کے دورے کا شکار ہوئیں، اس وقت وہ تعلیم کے حوالے سے شدید دباؤ میں تھیں۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ انہیں کلاس رومز میں، اسٹیج کے پیچھے، سڑکوں پر اور کئی جگہوں پر مرگی کے دورے پڑے، جس نے ان کی خود اعتمادی کو متاثر کیا۔

کوئی اور ’ کانٹا لگا ’ گرل کبھی نہیں ہوسکتی ،شیفالی جاری والا

’سہولتیں تھیں مگر صرف خواص کیلئے‘ سوات میں افسوسناک سانحے پر شوبز ستارے بھی غمزدہ

بھارت میں پابندی کا شکار ہانیہ عامر کی فلم ’سردار جی تھری‘ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز