کراچی: جھگڑے میں دھکم پیل، نوجوان موٹرسائیکل کے ہینڈل سے ٹکراکر جاں بحق، 6 ملزمان گرفتار
کراچی کے ضلع شرقی میں گرومندر کے قریب لڑائی جھگڑے کے دوران نوجوان کے جاں بحق ہونے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
کراچی پولیس کے ترجمان کے مطابق تھانہ جمشید کوارٹرز کے علاقے گرومندرمسجد کنز الایمان کے قریب چائے کے ہوٹل پر موجود 7 لڑکوں کے درمیان معمولی بات پر تلخ کلامی ہوئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے جھگڑے میں تبدیل ہوگئی۔
جھگڑے کے دوران ایک نوجوان کو دھکا لگا، جو قریب کھڑی موٹر سائیکل کے ہینڈل سے ٹکرا کر موقع پہ ہی جاں بحق ہوگیا۔
17 سے 18 سال عمر کے متوفی کی شناخت عبد الرحمٰن ولد عبدالجبار کے نام سے ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او جمشید کوارٹرز نے اطلاع ملتے ہی کارروائی کا آغاز کیا اور 5 گھنٹے سے بھی کم وقت میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزمان میں طلحہ ولد محمد شاہد، حسن ولد عارف (متوفی کا کزن)، عبداللہ ولد شکیل، فراز ولد عبد الستار، منان ولد اکبر علی اور معیز ولد محمد جاوید شامل ہیں۔
پولیس کی جانب سے ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہیں، جب کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔