پاکستان

جامشورو: جنازے میں شرکت کیلئے آنے والے 2 نوجوان دریا میں ڈوب کر جاں بحق

ریسکیو عملے نے ایک نوجوان کی لاش نکال لی جبکہ دوسرے کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے، حکام

جامشورو میں دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے دو نوجوان ڈوب گئے، ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ دوسرے کی تلاش جاری ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق ریسکیو عملے نے ایک نوجوان کی لاش نکال لی جبکہ دوسرے کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ڈوبنے والےدونوں نوجوان جنازے میں شرکت کے لیے آئے تھے۔

ضلع تورغر میں بلیانی اکازئی کے مقام پر 2 نوجوان دریا میں ڈوب گئے

ہزارہ ڈویژن کے ضلع تورغر میں بلیانی اکازئی کے مقام پر 2 نوجوان دریا میں ڈوب گئے، تر جمان ریسکیو رب نواز یوسفزئی کے مطابق بلیانی مانگانوں کلے سے تعلق رکھنے والے 3 نوجوان دریا کے پار پانی کا رخ درست کرنے گئے تھے۔

واپسی پر ایک نوجوان نے گرمی کی شدت کے باعث نہانے کے لیے دریا میں چھلانگ لگائی، جب وہ ڈوبنے لگا تو دوسرا نوجوان رحمت صادق اُسے بچانے کے لیے دریا میں کود گیا، لیکن وہ بھی پانی کی تیز لہروں کی نذر ہو گیا۔

تیسرے نوجوان نے بھی اپنے ساتھیوں کو بچانے کی کوشش میں چھلانگ لگائی، مگر وہ انہیں بچانے میں ناکام رہا اور خود کو بمشکل دریا کے کنارے تک لانے میں کامیاب ہوا، واقعے کے بعد اہلِ علاقہ اپنی مدد آپ کے تحت دونوں لاپتہ نوجوانوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔