پاکستان

کراچی: بارش کے جمع پانی سے ڈینگی کا خطرہ، محکمہ صحت کی اقدامات کی ہدایت

ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کا ڈپٹی کمشنرز، میئرز کو مراسلہ، اقدامات میں تاخیر ڈینگی کے خطرے کو بڑھاسکتی ہے، ماہرین صحت

کراچی کی شاہراہوں اور گلیوں میں بارش کے بعد جمع پانی نے ڈینگی کا خدشہ پیدا کردیا، محکمہ صحت سندھ نے بھی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے اقدامات کی ہدایت کردی۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں دور وز کی بارش کے بعد سڑکوں پر جابجا جمع پانی نے ڈینگی کے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے،گارڈن، لسبیلہ، جمشید روڈ، اولڈ سٹی ایریا اور رنچھوڑ لائن سمیت متعدد علاقوں کی شاہراہوں اور گھروں کے اطراف بارش کا جمع پانی اب بیماریوں کو دعوت دینے لگا ہے۔

واضح رہے کہ 60 فیصد نمی اور 26 سے 29 ڈگری درجہ حرارت میں ڈینگی کیسز میں اضافہ ہوتا ہے۔

ڈینگی کے خدشے کے پیش نظر ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز کی جانب سے سندھ کے تمام ڈپٹی کمشنرز، میئرز ، ڈسٹرکٹ چیئرمینز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو جاری مراسلے میں ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈی جی ہیلتھ سروسز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے محفوظ کچرا تلفی اور صفائی کو ترجیح دی جائے۔

محکمہ صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بارش کے بعد جمع پانی اور کچرے میں مچھر افزائش پاتے ہیں، پرانے ٹائروں، گملوں اور کھلے کنٹینرز کو بھی ہٹایا جائے اور رہائشی، تجارتی علاقوں، پارکس اور نرسریوں کی باقاعدہ انسپیکشن کی جائے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ڈینگی اور ملیریا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی اقدامات ناگزیر ہیں، جبکہ متعلقہ اداروں سے تعاون اور کوآرڈینیشن کی بھی درخواست کی گئی ہے۔

دوسری جانب ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ صفائی کے اقدامات میں تاخیر ڈینگی کے خطرے کو بڑھاسکتی ہے۔