کھیل

ویسٹ انڈیز کے کوچ ڈیرن سیمی کو امپائرز پر تنقید کرنا مہنگا پڑگیا

آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران ڈیرن سیمی نے امپائرز کے غلط فیصلوں پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

ویسٹ انڈیز کے کوچ ڈیرن سیمی پر آسٹریلیا کے خلاف بارباڈوس میں پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران تھرڈ امپائر ایڈریان ہولڈ اسٹاک پر تنقید کرنے پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔

کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق ڈیرن سیمی نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی تھی جس پر ان پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔

آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران ڈیرن سیمی نے امپائرز کے غلط فیصلوں پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

دوسرے دن کے کھیل کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے کوچ نے کہا تھا کہ انہیں حالیہ انگلینڈ کی ون ڈے سیریز سے ہی ہولڈ اسٹاک کی امپائرنگ پر تحفظات تھے۔

انہوں نے کہا ’کیا خود کو ایسی صورتحال میں کبھی نہیں دیکھنا چاہتے جہاں آپ کو امپائرز پر شک ہو لیکن جب بار بار فیصلے خلاف جائیں تو سوال اٹھتا ہے‘۔

سیمی کو آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.7 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا، جو بین الاقوامی میچ کے دوران کسی واقعے یا کسی کھلاڑی، سپورٹ اسٹاف، میچ آفیشل یا ٹیم پر تنقید یا نامناسب تبصرے سے متعلق ہے۔

انہیں لیول ون جرم پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ کیا گیا جب کہ ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ بھی شامل کیا گیا ہے، جو کہ 24 ماہ کی مدت میں ان کا پہلا جرم ہے۔

بعد ازاں، ڈیرن سیمی نے اپنے جرم کا اعتراف کیا اور میچ ریفری جاوگال سریناتھ کی طرف سے تجویز کردہ سزا قبول کر لی۔

لیول ون کے جرائم میں کم سے کم سزا باضابطہ وارننگ اور زیادہ سے زیادہ 50 فیصد میچ فیس کا جرمانہ اور ایک یا دو ڈیمیرٹ پوائنٹس ہوتے ہیں۔