کراچی سے روہڑی تک نئی لائن بچھائی جائے گی، وفاقی وزیر ریلوے
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ کراچی سے روہڑی تک نئی لائن بچھائی جائے گی، اب یا تو افسران کام کریں گے نہیں تو استعفے دینا پڑے گا۔
لاہور ریلوے پر نصب ایسکیلیٹر کے افتتاح کے موقع پر وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ لاہور ریلوے اسٹیشن پر تبدیلی دیکھ کر دل خوش ہوا، تین ریلوے اسٹیشنوں لاہور راولپنڈی اور ٹیکسلا اسٹیشن پر ایسکیلیٹر نصب کیے گئے ہیں.
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت چالیس اسٹیشنوں پر وائی فائی کی سہولت دے رہی ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ کراچی سے روہڑی تک نئی لائن بچھائی جائے گی، کراچی ریلوے اسٹیشن کوبھی سندھ گورنمنٹ کے ساتھ مل کر آوٹ سورس کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے میں ڈالرز کی بارش نہیں ہو رہی، اگر میں نے بھی سفر کرنا ہے تو میں اپنے ذاتی اکاؤنٹ سے پیسے ادا کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ سی ای او اور چیئرمین سمیت کسی نے بھی سفر کرنا ہے تو اپنی جیب سے سیلون کا کرایہ ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ افسران کے بیرون ملک دوروں پر پابندی لگا دی ہے، اب یا تو افسران کام کریں گے نہیں تو استعفے دینا پڑے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے میں اب روزانہ کی بنیاد پر فراہم کرنے والا کھانا چیک کیا جائے گا۔