پاکستان

تفتان: ایف آئی اے کی کارروائی، انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹ گرفتار

ملزم مبینہ طور اپنی بیوی کے بینک اکاؤنٹ کو غیر قانونی ٹرانزیکشن اور لین دین کے لیے استعمال کرنے میں بھی ملوث رہا ہے، ترجمان ایف آئی اے

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل تفتان نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایک ایجنٹ کو گرفتار کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان ایف آئی اے نے بتایا ہے کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائیوں کے دوران دو مقدمات درج کیے گئے اور ایک ایجنٹ کو گرفتار کیا گیا۔

ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ گرفتار ایجنٹ کی شناخت محمد ناظم کے نام سے ہوئی، ملزم کو چھاپہ مار کارروائی میں کوئٹہ سے گرفتار کیا گیا، ملزم کا تعلق سرگودھا سے ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم انسانی اسمگلنگ میں ملوث منظم گینگ کا اہم کارندہ ہے، ملزم غیر قانونی راستوں سے شہریوں کو بیرون ملک منتقل کرنے میں ملوث ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے متعدد شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوایا، ملزم شہریوں کو پاکستان سے ایران اسمگل کرتا رہا، جہاں سے وہ انہیں غیر قانونی طور پر ترکی بھجوانے کا بندوبست کرتا تھا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم نے تہران میں ایک سیف ہاؤس قائم کر رکھا تھا، جہاں وہ متاثرہ افراد کو قید رکھتا، ملزم اس سیف ہاؤس میں قید متاثر شہریوں پر تشدد کرکے ان کے اہل خانہ سے پاکستان میں تاوان وصول کرتا تھا۔

مزید بتایا کہ ملزم مبینہ طور اپنی بیوی کے بینک اکاؤنٹ کو غیر قانونی ٹرانزیکشن اور لین دین کے لیے استعمال کرنے میں بھی ملوث رہا ہے جب کہ ملزم سے انسانی اسمگلرز سے روابط کے شواہد اور تہران میں موجود متاثرہ افراد کی تصاویر بھی برآمد کرلی گئیں۔

ترجمان ایف آئی اے نے مزید بتایا کہ ملزم کے خلاف کاروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی، ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔