دنیا

پاک فضائیہ سے جھڑپ میں طیارے تباہ ہوئے، بھارتی دفاعی اتاشی کا اعتراف

انڈونیشیا میں سیمینار سے خطاب کے دوران بھارتی فضائیہ کے کیپٹن شیو کمار نے تباہ ہونے والے بھارتی جنگی جہازوں کی تعداد بتانے سے گریز کیا۔

انڈونیشیا میں بھارت کے دفاعی اتاشی کیپٹن شیوکمار نے تسلیم کیا ہے کہ 7 مئی کو پاکستان کے ساتھ جھڑپ میں بھارتی فضائیہ کے طیارے تباہ ہوئے تھے۔

بھارتی ویب سائٹ ’دی وائر‘ کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کے دفاعی اتاشی کیپٹن شیوکمار نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی جنگی طیارے اس لیے مارے گئے کیوں کہ ہماری سیاسی قیادت نے بھارتی فضائیہ کو پاکستان کے فوجی اہداف کو نشانہ نہ بنانے کی ہدایت کی تھی۔

بھارتی بحریہ کے کیپٹن شیو کمار نے تباہ ہونے والے بھارتی جنگی جہازوں کی تعداد بتانے سے گریز کیا۔

ان کا کہنا تھا ’اگرچہ میں اس بات سے اتفاق نہیں کرتا کہ ہم نے اتنے زیادہ طیارے کھوئے جتنے کہ ایک انڈونیشی مقرر نے دعویٰ کیا لیکن میں اس بات سے متفق ہوں کہ ہم نے کچھ طیارے ضرور کھوئے ہیں‘۔

ادھر انڈونیشیا میں بھارتی سفارتخانے نے دفاعی اتاشی کی جانب سے سیمینار میں پیش کی گئی پریزنٹیشن سے متعلق میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ کیپٹن شیو کمار کے طیارے گرائے جانے سے متعلق بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔

بھارتی دفاعی اتاشی کا بیان سامنے آنے پر کانگریس نے مودی سرکار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار نے قوم کو گمراہ کیا اور یہ بتانے میں ناکام رہی کہ آپریشن سندور میں بھارت کے کتنے لڑاکا طیارے تباہ ہوئے۔

خیال رہے کہ 31 مئی کو بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے ’بلومبرگ ٹی وی‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اہم بات یہ نہیں ہے کہ طیارے گرائے گئے، بلکہ یہ ہے کہ وہ کیوں گرائے گئے۔

انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کا یہ دعویٰ کہ اس نے 6 بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے، بالکل غلط ہے، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ بھارت نے اس جنگ میں کتنے طیارے کھوئے ہیں۔

انیل چوہان نے مزید کہا کہ جو غلطیاں ہوئیں وہ اہم ہیں، ہم نے ان غلطیوں کو سمجھا، انہیں درست کیا اور پھر 2 دن بعد دوبارہ اپنے تمام طیارے اڑائے اور طویل فاصلے پر کامیاب حملے کیے۔

واضح رہے کہ پاکستانی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ 5 روزہ جنگ کے دوران پاک فضائیہ نے بھارت کے رافیل سمیت 6 لڑاکا طیارے مار گرائے ہیں۔

بھارتی فضائیہ نے رافیل طیارہ گرنے کا اعتراف کرلیا

بھارتی فوج نے پاکستان سے جنگ میں اپنے لڑاکا طیاروں کی تباہی کی تصدیق کردی

بی جے پی رہنما سبرامنیم سوامی کا پاکستان کی جانب سے 5 بھارتی طیارے مار گرانے کا اعتراف