پاکستان

کراچی: پولیس ٹاسک فورس کے چھاپے میں برآمد 24 لاکھ روپے پُراسرار طور پر غائب

ٹاسک فورس نے گٹکے کے کارخانے پر چھاپے میں رقم برآمد کرکے شاہ فیصل پولیس کے حوالے کی تھی، مقدمے میں 1500 روپے برآمدگی ظاہر کی گئی، سامان بھی غائب، برآمدگی کی ویڈیو موجود ہے، ذرائع

کراچی میں شاہ فیصل کالونی تھانے کی پولیس نے ٹاسک فورس کے ساتھ ہاتھ کر دیا، ٹاسک فورس کے چھاپے کے دوران برآمد ہونے والی 24 لاکھ روپے سے زائد نقد رقم پُراسرار طور پر غائب ہوگئی، شاہ فیصل کالونی تھانے میں درج مقدمے میں صرف ایک ہزار 500 روپے نقدی ظاہر کی گئی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی پولیس کی ٹاسک فورس نے شاہ فیصل تھانے کی حدود میں چھاپے دوران کارخانے سے برآمد ہونے والا لاکھوں روپے مالیت کا گٹکا چھالیہ اور دیگر سامان متعلقہ تھانے کے حوالے کیا تھا، برآمد شدہ رقم اور سامان کی ویڈیو بھی بنائی گئی تھی۔

20 جون کو شاہ فیصل کالونی میں ٹاسک فورس نے گٹکا فیکٹری پر کارروائی کی تھی، ٹاسک فورس نے 24 لاکھ روپے نقدی، گٹکا، چھالیہ اور دیگر سامان برآمد کیا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ٹاسک فورس کے چھاپے کے دوران برآمد شدہ سامان شاہ فیصل کالونی پولیس کے حوالے کرنے کے بعد حیرت انگیز طور پر مقدمے میں برآمد شدہ سامان اور 24 لاکھ روپے سے زائد نقدی کا کوئی تذکرہ نہیں کیا گیا۔

پولیس کی خصوصی ٹاسک فورس ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) عرفان علی بلوچ کے حکم پر شہر بھر میں چھاپوں میں مصروف ہے۔