پاکستان

کراچی: قائد آباد کا رہائشی اسکریپ کا 70 سالہ تاجر صادق آباد جاتے ہوئے اغوا، مقدمہ درج

والد اسکریپ خریدنے کا کہہ کر گئے تھے، مدعی مقدمہ، اغوا کاروں نے مغوی کی برہنہ تشدد زدہ ویڈیو اہلخانہ کو بھیجی، 2 کروڑ تاوان، 2 آئی فونز کا مطالبہ کیا ہے، پولیس حکام

کراچی کے علاقے قائد آباد کے رہائشی اسکریپ کے تاجر کو صادق آباد جاتے ہوئے اغوا کرلیا گیا، مقدمہ مغوی تاجر کے بیٹے غیاث الدین کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اغوا کاروں نے 70 سالہ مغوی تاجر مغیث الدین کی برہنہ تشدد زدہ ویڈیو بھی اہل خانہ کو بھیجی ہے، مغوی کو بازیاب کروانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مدعی نے مقدمہ درج کرواتے ہوئے کہا کہ میرے والد فیکٹریوں، سرکاری اداروں، مارکیٹوں سے اسکریپ خریدتے تھے، والد نے کہا کہ وہ پنجاب صادق آباد میں اسکریپ خریدنے جارہے ہیں۔

مدعی مقدمہ نے فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں لکھوایا کہ چھوٹا بھائی ذیشان والد کو 21 جون کو لانڈھی ریلوے اسٹیشن چھوڑ کر آیا، اگلے دن تک میرے والد کا فون نہیں آیا، اور ان کا نمبر بھی بند جارہا تھا۔

مدعی غیاث الدین نے بتایا کہ 23 جون کو میرے چھوٹے بھائی کے نمبر پر والد صاحب کے نمبر سے وائس میسج آیا، میسج میں میرے والد کی رہائی کے لیے اغواکار تاوان کا مطالبہ کررہے ہیں۔

شہری نے کہا کہ اغواکاروں نے والد کی رہائی کے لیے 2 کروڑ روپے، 2 راڈو گھڑیاں اور 2 آئی فونز کا مطالبہ کیا ہے، اغوا کاروں نے والد کی تشدد زدہ ویڈیو بھی بھیجی ہے، جس کے بعد اندراج مقدمہ کے لیے آیا ہوں۔

یاد رہے کہ سندھ اور پنجاب کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کی جانب سے مختلف حیلے بہانوں سے سادہ لوح شہریوں کو ترغیبات دے کر اغوا کرنے کی وارداتیں اس سے قبل رپورٹ ہوتی رہی ہیں۔

ڈاکو خواتین کا استعمال کرکے دوستی کی پیشکش کرتے ہیں، مویشی، سستی گاڑیاں، کم قیمت پر مشینری وغیرہ بیچنے کا لالچ دے کر شہریوں کو کچے کے قریبی علاقوں میں بلاکر اغوا کرلیتے ہیں۔

پولیس کی جانب سے بارہا خبردار کیے جانے کے باوجود بھی شہری ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا ہوجاتے ہیں۔