خیبرپختونخوا پولیس کا تربیت یافتہ سراغ رساں کتا ’ڈیپ‘ ریٹائر ہوگیا
خیبرپختونخوا پولیس کا تربیت یافتہ سراغ رساں کتا ’ڈیپ‘ 10 سالہ پولیس خدمات کے بعد ریٹائرڈ ہوگیا، خطروں کیخلاف فرنٹ لائن پر کھڑا رہنے والا 11 سالہ برطانوی لیبرا ڈور نسل کا کتا صوبائی پولیس کا انتہائی بھروسہ مند ساتھی تھا۔
ڈیپ کے نام سے مشہور کتے نے پولیس سروس کے دوران انسانی جانوں کے بچاؤ، خطرات کی پیشگی اطلاع سمیت اپنے ساتھیوں سے اعتماد اور عزت کا رشتہ بھی بنایا۔
ڈیپ 2014 میں انسداد دہشتگردی کے خلاف مؤثر کارروائیوں اور تحقیقات کے لیے بنائے گئے خیبرپختونخوا پولیس کے ایلیٹ کے-9 یونٹ کا ممبر تھا۔
گزشتہ برسوں کے دوران اس نے انتہائی حساس آپریشنز ، سیکیورٹی چیکنگز ، عوامی اجتماعات میں انسانی جانوں کے بچاؤ کو ممکن بنانے کے لیے خدمات سر انجام دیں۔
ڈیپ اپنی 10 سالہ سروس کے دوران وفاداری اور بہادری کی علامت بن گیا تھا۔
ڈیپ کی بے مثال خدمات اور ملازمت سے ریٹائرمنٹ پر خیبرپختونخوا پولیس کی اسپیشل برانچ کے-9 کی جانب سے ایک شاندار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اعلیٰ افسران سمیت برانچ کے اہلکاروں نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران ڈیپ کو اس کی شاندار خدمات کے اعتراف میں اعزازی میڈل اور سرٹیفیکٹ پیش کیا گیا۔
ڈائریکٹر کے-9 یونٹ عادل ابدال نے ڈان ڈیجیٹل کو بتایا کہ ڈیپ 2016 میں پیدا ہوا اور دھماکا خیز موادکو تلاش کرنے کی خصوصی تربیت مکمل کرنے کے بعد اس نے ہماری یونٹ کو جوائن کیا۔
عادل ابدال کے مطابق ’ڈیپ‘ 2021 میں ڈیرہ اسمٰعیل خان میں پولیس آپریشن کے دوران مرکز نگاہ ٹھہرا، انہوں نے بتایا کہ ہمارے پاس دوران آپریشن دیسی ساختہ دھماکا خیز ڈیوائس کی موجودگی کی اطلاع تھی، ڈیپ نے اس ڈیوائس کا کامیابی سے پتا لگایا جسے بعد ازاں بم ڈسپوزل یونٹ نے ناکارہ بنا دیا تھا۔
ڈیپ کو لمبے عرصے سے تربیت دینے والے اہلکار گل رحمٰن نے جذبانی انداز میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 4 برسوں کے دوران میرا اس کے ساتھ بہت مضبوط رشتہ بن گیا تھا، وہ ہمیشہ اپنا 100 فیصد دینے کی کوشش کرتا تھا، ہم اس کے ساتھ جذباتی طور پر جڑ چکے ہیں، فیلڈ میں ڈیپ کی کمی کو محسوس کریں گے۔
ڈیپ اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد اب پشاور پولیس لائنز میں موجود مخصوص ایریا میں دیگر ریٹائرڈ کتوں کے ساتھ وقت گزارے گا۔