بھارت: کرکٹر چھکا مارنے کے بعد پچ پر گرکر ہلاک
بھارتی پنجاب کے ایک کرکٹر چھکا مارنے کے بعد پچ پر گرگئے اور ان کی موت واقع ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں رواں ماہ کے دوران یہ تیسرا ایسا واقعہ ہے جب کوئی مشہور شخصیت کی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا۔
13 جون کو بھارتی اداکارہ کرشمہ کپور کے سابق شوہر سنجے کپور کی 53 سال کی عمر میں موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی تھی۔
سنجے کپور لندن کے نواحی علاقے میں واقع گارڈز پولو کلب میں پولو کھیلتے ہوئے اچانک گر پڑے، انہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
گزشتہ روز بھارتی ماڈل و اداکارہ شیفالی جریوالا 42 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئی تھیں۔
شیفالی جریوالا نے اپنے شوبز کیریئر کا آغاز مشہور گانے ’کانٹا لگا‘ سے کیا تھا، جس کے بعد وہ بولی وڈ فلم ’مجھ سے شادی کروگی‘ سمیت متعدد فلموں اور ٹی وی شوز میں جلوہ گر ہوئیں، وہ مشہور ریئلٹی شو ’بگ باس 13‘ کا بھی حصہ رہ چکی ہیں۔
پنجاب کے فیروزپور میں حال ہی میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں ہرجیت سنگھ نامی شخص کو ڈی اے وی اسکول کے گراؤنڈ میں کرکٹ کھیلتے ہوئے دیکھا گیا۔
ویڈیو میں کرکٹر ہرجیت سنگھ نے چھکا مارا اور پچ تبدیل کرتے وقت اسے معمولی تکلیف محسوس ہوئی، جس پر وہ اچانک پچ پر ہی گرگیا جس پر ساتھی کھلاڑی دوڑ کر اس کے پاس پہنچے۔
ساتھی کھلاڑیوں نے فوری طور پر اس کی مدد کی اور سی پی آر دینے کی کوشش کی، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
رپورٹس کے مطابق ہرجیت سنگھ پیشے سے ترکھان تھا اور ایک سرگرم طرزِ زندگی گزار رہا تھا، وہ اپنی اننگز میں 49 رنز بنا چکا تھا جب یہ واقعہ پیش آیا۔
ماہرین صحت اور حکام نے زور دیا ہے کہ جسمانی طور پر فِٹ اور سرگرم نظر آنے والے افراد کو بھی باقاعدہ طبی معائنہ کرانا چاہیے اور مقامی کھیلوں کے مقابلوں میں فوری طبی امداد اور بہتر تیاری کو یقینی بنایا جانا چاہیے تاکہ ایسے المناک واقعات کو روکا جا سکے۔