پاکستان

کیمبرج کی پیپر لیکس سے متاثرہ طلبہ کو نومبر کے امتحانات میں مفت شمولیت کی پیشکش

جون کے سیشن میں متاثرہ پرچوں میں شریک ہونے والے طلبہ کو نومبر کے امتحانات میں بغیر فیس کے دوبارہ شرکت کا موقع فراہم کر رہے ہیں، جون کے نتائج کے اجرا کے بعد مزید معلومات فراہم کی جائیں گی، سی آئی ای

کیمبرج انٹرنیشنل ایگزامینیشنز (سی آئی ای) نے حالیہ مئی/جون کے امتحانات میں پیپر لیک ہونے سے متاثر ہونے والے طالبعلموں کو نومبر 2025 کے سیشن میں بغیر کسی فیس کے دوبارہ امتحانات دینے کی پیشکش کی ہے ۔

او لیول اور اے لیول کے امتحانات کا انعقاد کرنے والے ادارے سی آئی ای نے گزشتہ ماہ اعتراف کیا تھا کہ جون کے امتحانات کے کچھ سوالیہ پرچے جزوی طور پر لیک ہو گئے تھے، اور ان سوالات پر طلبہ کو اضافی نمبر دیے جائیں گے۔

سی آئی ای کے اس اعتراف سے چند روز قبل ایک پارلیمانی کمیٹی کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ او/اے لیول کے مبینہ طور پر لیک ہونے والے پرچوں سے متعلق انکوائری رپورٹ کی تفصیلات 16 جون کے بعد جاری کی جائیں گی۔

پیر کو سی آئی ای نے اپنے فیس بک پیج پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے ان طلبہ کے لیے اپ ڈیٹ شیئر کی جنہوں نے جون 2025 کے امتحانی سیشن میں 3 متاثرہ پرچوں میں سے ایک یا زائد دیے تھے، ان پرچوں میں کیمبرج انٹرنیشنل اے ایس اور اے لیول میتھمیٹکس پیپر 12، پیپر 42 اور کمپیوٹر سائنس پیپر 22 شامل تھے۔

سی آئی ای نے کہا کہ ان مضامین کے نتائج معمول کے مطابق جاری کیے جائیں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ہم جون 2025 کے سیشن میں متاثرہ پرچوں میں شریک ہونے والے طلبہ کو نومبر 2025 کے امتحانات میں بغیر فیس کے دوبارہ شرکت کا موقع فراہم کر رہے ہیں، ہم نے تمام امیدواروں اور ان کے خاندانوں کو اسکولوں کے ذریعے پیغام بھیج دیا ہے اور جون 2025 کے نتائج کے اجرا کے بعد مزید معلومات فراہم کی جائیں گی‘۔

سی آئی ای نے طلبہ کو مزید معلومات کے حصول کے لیے اپنے اسکولز سے رابطہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

یاد رہے کہ مئی/جون سیشن کے دوران طلبہ اور والدین نے شکایت کی تھی کہ کئی پرچے ایک ہی دن رکھے گئے تھے، جس کے باعث بعض طلبہ کو ایک دن میں 2 یا 3 امتحانات دینے کا دباؤ برداشت کرنا پڑا، اور اس شیڈول پر نظرثانی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔