پاکستان

حکومت پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ واپس لے، صدر آل پاکستان انجمن تاجران

پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوجائے گا، عوام میں پہلے ہی خریداری کی سکت نہیں رہی، اب ایک ہی حل ہے عوام گھر چھوڑ کر سڑکوں پر بیٹھ جائے، اجمل بلوچ

آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے حکومت سے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق صدر انجمن تاجران نے ایک بیان میں کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوجائے گا، عوام میں پہلے ہی خریداری کی سکت نہیں رہی۔

ان کا کنہا تھا کہ حکومت نے بجٹ میں عوام کی قوت خرید میں کوئی اضافہ نہیں کیا،عوام میں قوت خرید نہ ہونے کی وجہ سے معاشی حالات بلکل بھی اچھے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ خریدار میں قوت خرید نہیں ہوگی تو دوکاندار خوشحال کیسے ہوگا،اگر کاروباری طبقہ خوشحال نہیں ہوگا تو ملک کیسے خوشحال ہوگا۔

اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ بجلی گیس کے بلوں نے عوام کا بھرکس نکال رکھا ہے، اس بجٹ میں وزیروں مشیروں کی تنخواہوں اور مراعات نے عوام پر مزید بوجھ ڈال دیا ہے۔

مزید کہا کہ وزیروں اور مشیروں کا مفت گیس، مفت بجلی، مفت پیٹرول کے علاوہ بجلی اور گیس چوری کا بوجھ بھی عوام پر ہے ، اب ایک ہی حل ہے عوام گھر چھوڑ کر سڑکوں پر بیٹھ جائے۔

واضح رہے حکومت نے پیٹرول 8 روپے 36 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل 10 روپے 39 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 272 روپے 98 پیسے اور پیٹرول کی نئی قیمت 266 روپے 79 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔