قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ بنگلہ دیش: 3 اہم کھلاڑی انجری کا شکار
پاکستان کرکٹ ٹیم کو دورہ بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز سے قبل بڑا جھٹکا لگا ہے، ٹی 20 اسکواڈ میں ممکنہ طور پر شامل ہونے والے 3 اہم کھلاڑی انجری مسائل کا شکار ہو گئے۔
ڈان نیوز کے مطابق قومی ٹی 20 ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کو دائیں کندھے میں تکلیف کا سامنا ہے جبکہ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ اور محمد وسیم جونئیر کی بھی انجری کے باعث اسکواڈ میں شمولیت کے امکانات معدوم ہو گئے۔
پاکستان سپر لیگ کے 10ویں سیزن میں شاندار کارکردگی دکھانے والے فاسٹ باؤلر سلمان مرزا اور اسپنر صفیان مقیم کی مختصر فارمیٹ کے اسکواڈ میں شمولیت کے امکانات ہیں۔
واضح رہے کہ آئندہ ماہ دورہ بنگلہ دیش کے لیے قومی ٹی20 اسکواڈ کا اعلان رواں ہفتے ہونے کا امکان ہے، دونوں ملکوں کے درمیان 3 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز 20، 22 اور 24 جولائی کو شیڈول ہیں۔
ذرائع کے مطابق ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے پاکستان کیخلاف ترمیم شدہ شیڈول کا اعلان کیا تو دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے اسکواڈ کا اعلان بھی ساتھ ہی کیا جاسکتا ہے۔
خیال رہے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان رواں برس اگست میں 3 ٹی 20 اور 3 ہی ایک روزہ میچز کھیلے جانے ہیں تاہم، دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان سیریز میں ون ڈے میچز کو ختم کر کے صرف ٹی 20 میچز کے انعقاد پر بات چیت جاری ہے۔