فیصل آباد: مراکش کشتی حادثے میں ملوث بدنام زمانہ لینڈ روٹ ایجنٹ گرفتار
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) فیصل آباد کی ٹیم نے کارروائی کرکے مراکش کشتی حادثے میں ملوث بدنام زمانہ لینڈ روٹ ایجنٹ کوگرفتار کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد کے مطابق گرفتار ملزم غلام مصطفیٰ 2025 میں ہونے والے مراکش کشتی حادثہ کا اشتہاری ہے۔
ترجمان ایف آئی کا کہنا تھا کہ ملزم مراکش کے سمندری راستے سے یورپ بھجوانے کے لئے بطور لینڈ روٹ ایجنٹ کام کر رہا تھا۔
ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملزم دیگر ملزمان سمیت بدنام زمانہ افریقی انسانی اسمگلر ابوبکر سے رابطہ میں تھا۔
مزید کہا کہ ملزمان نے درجنوں پاکستانیوں کو کشتی کے ذریعے موریطانیہ سے یورپ روانہ کیا تھا، دوران سفر کشتی حادثہ میں متعدد پاکستانیوں کی موت واقع ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ 16 جنوری کو مغربی افریقہ کے راستے غیر قانونی طور پر اسپین جانے والی کشتی حادثے کا شکار ہوگئی تھی جس میں 44 پاکستانیوں سمیت 50 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
تارکین وطن کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم واکنگ بارڈرز نے کہا ہے کہ مغربی افریقہ سے کشتی کے ذریعے اسپین پہنچنے کی کوشش کے دوران حادثے کا شکار ہوئی۔
مراکش کے حکام کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز حادثے کا شکار ہونے والی تارکین وطن کی ایک کشتی سے 36 افراد کو بچایا گیا جس میں 86 تارکین وطن سوار تھے، جن میں 66 پاکستانی بھی شامل تھے۔