پاکستان

پنجاب اسمبلی: اپوزیشن کے 26 معطل ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کیلئے کارروائی شروع

پارلیمانی لیڈر کے فیصلے کی خلاف ورزی پر 26 ایم پی ایز کی رکنیت ختم کرنے کے لیے ریفرنس عاشورہ کے بعد بھجوائے جانے کا امکان ہے، ذرائع

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 26 معطل ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کے لیے قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 26 ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کے حوالے سے اسپیکر آفس کی محکمہ قانون پنجاب سے مشاورت جاری ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ پارلیمانی لیڈر کے فیصلے کی خلاف ورزی پر 26 ایم پی ایز کی رکنیت ختم کرنے کے لیے ریفرنس عاشورہ کے بعد بھجوائے جانے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ اسپیکرپنجاب اسمبلی ارکان اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے فیصلوں کی نظیر پہلے بھی موجود ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر آفس نے سابق وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کے خلاف عدالتی فیصلہ کی نظیرپر کام شروع کردیا ہے۔

اس سے قبل، خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی پر اپوزیشن ارکان کو 13 قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی سے ہٹانےکا فیصلہ کیا گیا تھا۔

ابتدائی طور پر پنجاب اسمبلی میں 13 میں سے 4 اسٹینڈنگ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ پر عدم اعتماد کے لیے اجلاس طلب کیا گیا تھا۔

جس پر پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 4 اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی تھی۔

عہدوں سے ہٹائے گئے اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کا تعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ہے اور 4 اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کو عہدوں سے ہٹانے کے نوٹس جاری کردیے گئے ہیں۔

علاوہ ازیں، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کی 9 قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ پر بھی عدم اعتماد لانے کا فیصلہ جلد ہوگا۔