محکمہ موسمیات نے کراچی میں طوفانی بارشوں کا امکان مسترد کردیا
محکمہ موسمیات نے کراچی میں مون سون کی طوفانی بارشوں کی سوشل میڈیا پر وائرل پیش گوئیاں مسترد کر دیں۔
محکمہ موسمیات نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور نجی موسمیاتی اسٹیشنز کی جانب سے کراچی میں مون سون کی طوفانی بارشوں سے متعلق پیشگوئیوں کو مسترد کر دیا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر میٹ آفس، انجم نذیر ضیغم کا کہنا ہے کہ ’ ہم جدید سسٹم اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس (مصنوعی ذہانت) کا سہارا لے کر موسم کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ تشکیل دیتے ہیں۔’
انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت کراچی میں معمول کا موسم ہے، آسمان پر بادل موجود رہتے ہیں، کبھی سورج نکلتا ہے اور نمی کا تناسب زیادہ ہوتا ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سیلسیس رہنے کی توقع ہے۔
اس دوران رات گئے اور صبح کے اوقات میں بوندا باندی یا ہلکی پھوار دیکھی جا رہی ہے، تاہم آئندہ دو روز کے دوران اس بات کی توقع ہے کہ دن کے اوقات میں بھی کوئی ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔
انجم نذیر ضیغم نے بتایا کہ ٘میٹ آفس روزانہ لمحہ بہ لمحہ جس جدید سسٹم اور مصنوعی ذہانت کا سہارا لے کر موسم کی فورکاسٹ تیار کرتا ہے، ’ وہ سسٹم مختلف نجی موسمیاتی اسٹیشنز کے پاس موجود ہی نہیں ہے۔’
انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ’ ہمارے پاس اپنا ایک پورا سیٹ اپ ہے، ہم جو ریئل ٹائم ڈیٹا (Real-Time Data) ہے اس کو اینالائز کرتے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ جو مختلف ماڈلز ہیں ان کو دیکھتے ہیں، پھر پی ایم ڈی (پی ایم ڈی ) کے اپنے ماڈل ہیں اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا استعمال کرتے ہوئے ہم پیش گوئی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک ماڈل کی بنیاد پر یہ کہنا کہ کراچی میں یہ ہو جائے گا وہ ہو جائے گا تو وہ بات ٹھیک نہیں ہوتی۔