پاکستان

کراچی: تلخ کلامی کے بعد داماد کی فائرنگ سے سسر سمیت 3 افراد جاں بحق

اورنگی مومن آباد چوک کے قریب مقتول غوث الدین رشتہ داروں کےساتھ بیٹی کے گھر آیا تھا، داماد فرار، ملزم کا والد اور ایک رشتے دار زیر حراست، اسلحہ برآمد کرلیا، پولیس حکام

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں سسرالیوں کے ساتھ تلخ کلامی پر داماد آپے سے باہر ہوگیا اور فائرنگ کرکے اپنے سسر سمیت 3 افراد کی جان لے لی۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن مومن آباد چوک کے قریب سسرالیوں کے ساتھ تلخ کلامی پر داماد نے فائرنگ کرکے اپنے سسر سمیت 3 افراد کو قتل کردیا، اور موقع سے فرار ہوگیا۔

پولیس نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر مفرور داماد کے والد اور رشتے دار کو گرفتار کرکے جائے وقوع سے اسلحہ بر آمد کرلیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول غوث الدین رشتے داروں کے ہمراہ بیٹی کےگھر آیا تھا، اس دوران داماد نے تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کر دی۔

مرنے والوں کی شناخت غوث الدین، گل بت خان، امین کے ناموں سے ہوئی ہے، پولیس کے مطابق 3 افراد کو فائرنگ کرکےقتل کرنے والے مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، مقتولین کے قریب موجود ایک پستول برآمد کیا گیا۔

حکام کے مطابق مقتول غوث الدین رشتے داروں کے ہمراہ بیٹی کےگھر گیا تھا، اس دوران تلخ کلامی ہوگئی تو ان کے داماد، اس کے والد اور رشتے داروں نے فائرنگ کی، گرفتار ملزمان میں مقتول کی بیٹی کا سسراور رشتے دار ملزم رحمت شامل ہے۔

پولیس سسر کو قتل کرکے فرار ہونے والے داماد کو تلاش کر رہی ہے، جسے جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔