پاکستان

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ملا جلا رجحان، 100 انڈیکس میں 342 پوائنٹس اضافہ

ٹریڈنگ کے آغاز پر کے ایس ای 100 انڈیکس 807 پوائنٹس یا 0.62 فیصد اضافے سے ایک لاکھ 31 ہزار 151 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا، تاہم مارکیٹ کے اختتام پر ایک لاکھ 30 ہزار 686 پوائنٹس پر بند ہوا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں ملا جلا رجحان دیکھا گیا، کاروبار کے آغاز پر ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 31 ہزار کی حد عبور بھی کرگیا تھا، تاہم مارکیٹ کے اختتام پر ایک لاکھ 30 ہزار 686 پوائنٹس پر بند ہوا۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق نئے مالی سال کے پہلے کاروباری ہفتے میں جمعرات کے روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا، اور کے ایس ای 100 انڈیکس صبح 9 بج کر 48 منٹ پر 807 پوائنٹس یا 0.62 فیصد اضافے سے ایک لاکھ 31 ہزار 151 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

تاہم دن کے اوقات میں تیزی مندی میں تبدیل ہوگئی، لیکن مارکیٹ کے اختتام پر مارکیٹ مثبت زون میں بند ہوئی، اور کے ایس ای 100 انڈیکس مارکیٹ کے اختتام پر ایک لاکھ 30 ہزار 686 پوائنٹس پر بند ہوا۔

مجموعی طور پر 467 کمپنیوں کا کاروبار ہوا، 215 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ، 236 کمپنیوں کے حصص کے نرخوں میں کمی دیکھی گئی، جب کہ 16 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز نئے مالی سال کے دوسرے دن بھی تیزی کا رجحان دیکھا گیا تھا، اور 2 ہزار 144 پوائنٹس کے اضافے سے بینچ مارک ہنڈرڈ انڈیکس تاریخ کی نئی بلند ترین سطح ایک لاکھ 30 ہزار 344 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

منگل کو مالی سال کے پہلے روز بھی مارکیٹ 2 ہزار 572 پوائنٹس یا 2.05 فیصد اضافے سے ایک لاکھ 28 ہزار 199 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوئی تھی۔