وزیراعظم نے معیشت میں شفافیت لانے کے لیے ڈیجیٹل ٹرانزیکشن سسٹم کو ناگزیر قرار دیدیا
وزیراعظم شہباز شریف نے معیشت میں شفافیت لانے کے لیے ڈیجیٹل ٹرانزیکشن سسٹم کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے ڈیجیٹل سسٹم کےاستعمال سے متعلق آگاہی بڑھانے کو وقت کی ضرورت قرار دے دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت کیش لیس و ڈیجیٹل معیشت پر ہفتہ وار اجلاس ہوا، اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ شہریوں اور کاروباری اداروں کے درمیان ادائیگیوں کو آسان بنانے، ڈیجیٹل سسٹم کےاستعمال کے بارے میں آگاہی بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیاکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے لیے موبائل فون ایپلی کیشنز استعمال کرنے والوں کی تعداد 95 ملین سے 120 ملین تک لے جانے کا ہدف ہے ۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ کیو آر کوڈ استعمال کرنے والے تاجروں کی تعداد 9 لاکھ سے 20 لاکھ تک لے جانے کا ہدف ہے، مجموعی ڈیجیٹل ادائیگیوں کو ساڑھے سات ارب روپے سے بارہ ارب روپے تک بڑھایا جائے گا۔
وزیر اعظم نے ان تمام اہداف کو دگنا کرنے کی ہدایت کر دی۔