پاکستان

لاہور ہائیکورٹ: احتجاج کرنیوالے ڈاکٹرز کی برطرفی کے نوٹیفکیشن کالعدم قرار، فوری بحالی کا حکم

عدالت عالیہ پنجاب نے صوبائی محکمہ صحت کے وکیل کی جانب سے ڈاکٹروں کےخلاف دوبارہ کارروائی کی استدعا بھی مسترد کر دی

لاہور ہائیکورٹ نے احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں کی برطرفی کے نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیے۔ہڑتالی ڈاکٹروں کو فوری طور پر بحال کرنے کا حکم دے دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ہسپتالوں کی بندش پر احتجاجی ڈاکٹرز کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت لاہور ہائیکورٹ میں ہوئی، جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے سماعت کی۔

عدالت عالیہ نے ڈاکٹروں کی برطرفی کے نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے ڈاکٹرز کو فوری بحال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ صحت پنجاب کے وکیل کی جانب سے ڈاکٹروں کےخلاف دوبارہ کارروائی کی استدعا مسترد کر دی۔

یاد رہے کہ ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے اس سے قبل بھی اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا جاتا رہا ہے، اس دوران ڈاکٹرز آؤٹ ڈور پیشنٹ (او پی ڈی) میں مریضوں کے علاج سے بھی دستبردار ہوجاتے ہیں، اور بائیکاٹ کے دوران ایمرجنسی میں بھی خدمات انجام نہیں دیتے۔

پنجاب حکومت نے اسی طرز عمل کی وجہ سے احتجاجی ڈاکٹرز کو برطرف کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، تاہم آج لاہور ہائی کورٹ نے یہ نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے کر برطرف کیے گئے ڈاکٹرز کو بحال کر دیا ہےْ۔