قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچانے کا الزام، ریلوے کنسٹرکشن کمپنی کے سابق افسران گرفتار
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے جعل سازی اور قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچانے کے الزام میں ریلوے کنسٹرکشن کمپنی کے سابق سی ای او سمیت تین افسران کو گرفتار کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے ریلوے کنسٹرکشن کمپنی کے سابق سی ای او سید نجم سعید، سابق کنٹرولر فنانس محمد زبیر اور سابق ڈائریکٹر کمرشل مہرالنسا کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو جعلی بینک گارنٹی بنانے کےالزام میں گرفتارکیا گیا ہے، ملزمان نےجعلی بینک گارنٹیز میں1.16ارب روپے ظاہر کیے۔
ایف آئی اے کے مطابق ریلوے منصوبوں کی ٹینڈرنگ کیلئےجعلی گارنٹیز استعمال کی گئیں، ملزمان نے ایم ایس انڈس ویلی انڈسٹریل جنکشن سےملی بھگت کی۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان نے قومی خزانے کو 16 کروڑ 49 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا۔
ترجمان ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کے مطابق ملزمان کوکل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔