کھیل

قومی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

پی سی بی نے فیلڈنگ کوچ محمد مسرور کے قومی ٹیم کے ساتھ ’سیریز ٹو سیریز‘ معاہدے میں مزید توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی وائٹ بال ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی جانب سے ذمہ داریاں سنبھالنےکے بعد سے کوچنگ پینل میں تبدیلیوں کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ محمد مسرور کو اُن کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق فیلڈنگ کوچ محمد مسرور کا قومی ٹیم کے ساتھ معاہدہ ’سیریز ٹو سیریز‘ تک تھا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد مسرور کے معاہدے کو مزید توسیع نہ دینے فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے قومی ٹی 20 ٹیم کے دورہ بنگلہ دیش کے لیے آسٹریلیا کے شین میکڈرمٹ کو نیا فیلڈنگ کوچ مقرر کر دیا، شین میکڈرمٹ اس سے قبل آسٹریلیا، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیموں کے ساتھ بھی کام کرچکے ہیں، جبکہ گرانٹ لوڈن کو اسٹرنتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ گزشتہ ایک برس سے منسلک سابق فاسٹ باؤلر عمر گل کو پاکستان شاہینز کا ہیڈ کوچ بنا دیا گیا، نئے کوچز بنگلہ دیش کیخلاف ٹی 20 سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں لگائے جانے والے کیمپ کا حصہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 3 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز 20، 22 اور 24 جولائی کو شیڈول ہے۔ جس کے بعد قومی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کا بھی دورہ کرنا ہے۔