پاکستان

تمام محکموں کو افغان مہاجرین کے خلاف کارروائی سے روک دیا گیا

پی او آر کارڈز کی مدت میں توسیع کےبارے میں حتمی فیصلہ ہونے تک کوئی کارروائی نہ کی جائے اور انہیں ہراساں نہ کیا جائے ، وزارت سیفران کا اعلامیہ

وزارت سیفران نے تمام محکموں کو افغان مہاجرین کے خلاف کارروائی سے روک دیا۔

وزارت سیفران کی جانب سے پاکستان میں آباد افغان شہریوں کے حوالے سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ افغان مہاجرین کے پروف آف رجسٹریشن ( پی او آر) کارڈز میں توسیع زیرغور ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پی او آر کارڈز کی مدت میں توسیع کےبارے میں حتمی فیصلہ ہونے تک کوئی کارروائی نہ کی جائے اور انہیں ہراساں نہ کیا جائے۔

اعلامیہ کے مطابق اس سلسلے میں وزارت داخلہ، چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

قبل ازیں ڈان نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ حکومت کی جانب سے پروف آف رجسٹریشن (پی او آر) کارڈ کے حامل افغان مہاجرین کے قیام میں 3 سے 6 ماہ کی توسیع پر غور کیا جارہا ہے، پی او آرکارڈ کے حامل افغان مہاجرین کےقیام میں 6 ماہ توسیع کی تجویز کابینہ کو بھیجی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق پی او آر کارڈ کے حامل افغان مہاجرین کے قیام میں 6 ماہ توسیع کی تجویز کابینہ کو بھیجی جائے گی، کیونکہ ایسے افغان شہری بھی موجود ہیں جو پاکستان میں پیدا ہوئے۔