ننگرپارکر: پولیس اہلکاروں نے پانی کے ریلے میں پھنسے 11 سیاحوں کو بچا لیا، ویڈیو وائرل
کارونجھر کی پہاڑیوں اور مایا ڈیم کے آبشار کو دیکھنے کے لیے جانے والے شہری موسلادھار بارش اور پانی کے تیز ریلے کے باعث وہاں پھنس گئے تھے۔
ننگرپارکر پولیس کے اہل کاروں نے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر مایا ڈیم کے آبشار میں پھنسے 11 سیاحوں کو بچا لیا، بہادر پولیس اہلکاروں کی جانب سے شہریوں کو ریسکیو کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ڈان نیوز کے مطابق ننگرپارکر میں سیاحتی مقام کارونجھر کی پہاڑیوں اور مایا ڈیم کے آبشار کو دیکھنے کے لیے جانے والے شہری موسلادھار بارش اور پانی کے تیز ریلے کے باعث وہاں پھنس گئے تھے۔
مشکل میں پھنسے شہریوں کو دیکھ کر مقامی پولیس اہلکار ان کی جان بچانے کے لیے آگے بڑھے اور بغیر کسی حفاظتی اقدامات کے صرف رسی کی مدد سے شہریوں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔
بچائے جانے والے شہریوں میں سے 4 کا تعلق کراچی سے تھا، اس دوران لاپتہ ہونے والے طلحہٰ نامی شخص کی تلاش جاری ہے۔