لائف اسٹائل

اولاد کو والدین کی قربانیوں کا شعور دیر سے آتا ہے، فضیلہ قاضی

یہ سوال ہی غلط ہے کہ کیا اولاد بڑھاپے کا سہارا ہوتی ہے یا نہیں، کیونکہ یہ تو اللہ کا بنایا ہوا قانون ہے اور کوئی بھی اس سے الگ نہیں ہوسکتا، سینئر اداکارہ

سینئر اداکارہ فضیلہ قاضی نے ایک حالیہ ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماں باپ کا رتبہ اور ان کی محبت بے مثال ہوتی ہے، مگر بدقسمتی سے اولاد کو اس کا شعور اکثر دیر سے حاصل ہوتا ہے۔

فضیلہ قاضی نے حال ہی میں سما ٹی وی کے گڈ مارننگ پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہم سب کو ایک خاندان اور ایک قبیلے سے پیدا کیا ہے، تو ایک فیملی کا سسٹم پہلے سے ہی بنا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری فطرت اور نفسیات اس طرز پر بنی ہوئی ہے کہ ہم پہلے ایک معاشرے کا حصہ ہوں گے، پھر ایک قبیلے کا، پھر ایک کنبے کا اور پھر ہماری اپنی ایک فیملی بنے گی۔

ان کے خیال میں جو بھی اس سارے سسٹم سے الگ جانے کی کوشش کرتا ہے، اس کی نفسیات پر کہیں نہ کہیں اثر ضرور پڑتا ہے۔

فضیلہ قاضی کے مطابق یہ سوال ہی غلط ہے کہ کیا اولاد بڑھاپے کا سہارا ہوتی ہے یا نہیں، کیونکہ یہ تو اللہ کا بنایا ہوا قانون ہے اور کوئی بھی اس سے الگ نہیں ہوسکتا۔

اداکارہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر اولاد حد سے زیادہ بدتمیزی کرے اور گھر چھوڑنے کی دھمکی دے تو والدین کو اسے روکنے کے بجائے کہنا چاہیے کہ ’ہاں، چلے جاؤ‘ کیونکہ جب وہ باہر کی دنیا دیکھے گا، تو خود ہی عقل ٹھکانے آ جائے گی، جب ایسے بچوں کے پاس پیسے ختم ہوں گے اور وہ دنیا کی سختی کا سامنا کریں گے، تو وہ خود ہی واپس گھر لوٹ آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اولاد کو تو والدین کو ’اُف‘ تک نہیں کہنا چاہیے، معلوم نہیں اولاد اتنی بدتمیزی کیسے کرلیتی ہے، حالانکہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ والدین کو کبھی بھی اُف تک نہ کہو، سوائے اس صورت میں کہ وہ تمہیں میرے علاوہ کسی اور کو سجدہ کرنے کا کہیں۔

اداکارہ کے مطابق، ایسی صورتحال میں بھی اولاد کو والدین سے بدتمیزی نہیں کرنی چاہیے بلکہ اپنے رویے سے یہ ظاہر کرنا چاہیے کہ والدین غلطی پر ہیں۔

فضیلہ قاضی نے یہ بھی کہا کہ والدین اولاد کے لیے اتنی قربانیاں دیتے ہیں کہ اولاد چاہ کر بھی کبھی ان کا قرض نہیں اتار سکتی اور اس کا اندازہ اولاد کو تب ہی ہوتا ہے جب وہ خود والدین کے مقام پر فائز ہوتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ماں باپ کا رتبہ اور ان کی محبت بے مثال ہوتی ہے، مگر بدقسمتی سے اولاد کو اس کا شعور اکثر دیر سے حاصل ہوتا ہے۔

’200 یونٹ والی بدمعاشی کو ختم کریں‘، بجلی کے نرخوں میں تبدیلی پر نعمان اعجاز کا طنزیہ تبصرہ

سیف علی خان کی وراثت دشمن جائیداد قرار، 15 ہزار کروڑ مالیت سے محرومی کا امکان

ثانیہ مرزا کی فیملی میں نئے ممبر کا اضافہ، بیٹے اذہان کے ساتھ تصویر وائرل