کراچی: 5 کروڑ روپے چوری کے مقدمے میں گھریلو ملازمہ کی درخواست ضمانت مسترد
کراچی کی مقامی عدالت نے 5 کروڑ روپے مالیت کی چوری کے مقدمے میں کلفٹن کے بنگلے میں کام کرنے والی گھریلو ملازمہ شہناز بی بی کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں گھریلو ملازمہ کے خلاف 5 کروڑ روپے کی چوری کے مقدمے کی سماعت ہوئی، ملزمہ پر اپنے بیٹے اور دیگر کے ساتھ مل کر بنگلے سے مالکن کے پیسے چوری کرنے کا الزام ہے۔
مدعی مقدمہ کے وکیل نے دوران سماعت مؤقف اختیار کیا کہ ملزمہ کا ساتھی حماد خود تسلیم کرچکا ہے کہ وہ ملزمہ کا ملازم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملزم حماد سے ملنے والی موٹرسائیکل بھی ملزمہ شہناز کی ہے، ملزمہ اور اس کا بیٹا آصف ضمانت کےمستحق نہیں، لہٰذا ضمانت مسترد کی جائے۔
بعد ازاں عدالت نے ملزمہ کی جانب سے دائر کی ہوئی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ڈیفنس کے بنگلے میں کام کرنے والی گھریلو ملازمہ شہناز بی بی کو 5 کروڑ روپے چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ ملزمہ نے 12 سالہ ملازمت کے دوران 5 کروڑ روپے چوری کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے، ملازمہ 2013 سے ڈیفنس فیز 5 کے بنگلے میں کام کر رہی تھی۔
دوسری جانب مدعی مقدمے کا کہنا ہے کہ 13 سال سے خاتون گھر میں ملازمت کر رہی تھی، ملازمہ نے 5 کروڑ روپے کی رقم چوری کی، شوہر بیرونِ ملک مقیم ہیں اور وہیں کاروبار کرتے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمہ نے چوری کے پیسوں سے گذری میں 50 لاکھ روپے کا فلیٹ، پنجاب میں 36 لاکھ مالیت کے 2 پلاٹ، ایک کروڑ کی گاڑیاں اور 70 لاکھ مالیت کی دکانیں بھی خریدیں، ملزمہ سے گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور 46 لاکھ نقدی برآمد کر کے دکانوں اور فلیٹس کو سیل کردیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون اکیلے ہی یہ ساری کارروائیاں کرتی تھی۔
پولیس کے مطابق کلفٹن تھانے میں بنگلے کی مالکن کی مدعیت میں ملزمہ کے خلاف 16 جون کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔