پاکستان

جیکب آباد: غیرت کے نام پر شوہر کی فائرنگ سے بیوی جاں بحق، پڑوسی زخمی

میراں پور کا رہائشی احمد بلیدی نامی شخص نے کاروکاری کے الزام میں پہلے بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کیا اس کے بعد پڑوسی کو زخمی کردیا، پولیس

جیکب آباد کی تحصیل گڑھی خیرو میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر شوہر نے فائرنگ کر کے بیوی کی جان لے لی جب کہ پڑوسی زخمی ہو گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق میراں پور کے رہائشی احمد بلیدی نامی شخص نے کاروکاری کے الزام میں پہلے اپنی بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کیا اُس کے بعد پڑوسی کو بھی فائرنگ سے زخمی کر دیا۔

پولیس کے مطابق خاتون کی لاش اور زخمی شخص کو مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے میں ملوث ملزم احمد بلیدی فرار ہو گیا ہے جب کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے ملزم کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

غیرت کے نام پر قتل ایسے افراد، خصوصاً خواتین، کا قتل ہے جنہیں خاندان کے افراد یہ سمجھتے ہیں کہ انہوں نے خاندان کی ’عزت‘ کو نقصان پہنچایا ہے۔

پاکستان میں غیرت کے نام پر 2024 کے دوران بھی خواتین کی جانیں لی جاتی رہیں، جو معاشرے میں رائج ’ عزت و غیرت’ کے گہرے تصورات کی عکاسی کرتا ہے۔

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی ) کے اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں غیرت کے نام پر قتل کے واقعات ملک بھر میں جاری رہے، جن میں سندھ اور پنجاب میں خاصی تعداد دیکھی گئی۔

جنوری سے نومبر کے درمیان کل 346 افراد غیرت کے نام پر قتل کا نشانہ بنے، پچھلے دو سالوں میں بھی ان واقعات میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔

2023 میں 490 غیرت کے نام پر قتل کے واقعات رپورٹ ہوئے تھے جبکہ 2022 میں یہ تعداد 590 تھی۔