پاکستان

مظفرگڑھ: کچے کے ڈاکو اسلحے کے زور پر زمیندار سے 180 بھینسیں چھین کر لے گئے

بوسن گینگ اور جھبیل گینگ کے ڈاکوؤں نے تھانہ کندائی کی حدود میں ملازمین کو رسیوں سے باندھا، کروڑوں مالیت کی بھینسیں ساتھ لے گئے، پولیس نے کچے کے علاقے کی ناکہ بندی کرلی۔

جنوبی پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں کچے کے ڈاکو اسلحے کے زور پر مقامی زمیندار سے 180 بھینسیں چھین کر لے گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کچے کے بوسن گینگ اور جھبیل گینگ کے ڈاکو تھانہ کندائی کی حدود سے مقامی زمیندار کے مویشیوں کے باڑے پر پہنچے، جہاں انہوں نے ملازمین کو اسلحہ کی نوک پر یرغمال بناکر رسیوں سے باندھا اور کروڑوں روپے مالیت کی 180 بھینسیں ساتھ لے گئے۔

واردات کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی طرف سے کچے کے علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) ڈاکٹر رضوان احمد، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) علی پور چوہدری فیاض الحق بھی کچے کے علاقے میں پہنچ گئے ہیں۔

سرکل علی پور اور ضلع راجن پور پولیس کی بھاری نفری دریا کے پار ڈاکوؤں کی تلاش میں مصروف عمل ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا، ایسی وارداتیں ناقابل قبول ہیں۔