اپریل 2025 میں سیپکو صارفین کو 24 ہزار 300 ڈیٹیکشن بلز بھیجے جانے کا انکشاف
سکھر الیکٹرک پاورکمپنی کے ہزاروں صارفین ڈیٹیکشن بلوں کی زد میں آگئے، اپریل 2025 میں سیپکو صارفین کو 24 ہزار 300 ڈیٹیکشن بلز بھیجے جانے کا انکشاف ہوا ہے، صارفین پر تقریباً 14 کروڑ 90 لاکھ روپے کا اضافی بوجھ ڈالا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ہزاروں صارفین کو بغیر کسی جواز کے مجموعی یونٹس کےبلز بھیجےگئے، سب سے زیادہ بوجھ ان پر ڈالا گیاجنہوں نے کم بجلی استعمال کی۔
نیپرا ذرائع کے مطابق سیپکو کے پروٹیکٹڈ کیٹیگری میں آنے والے صارفین بھی متاثر ہوئے، نیپرا نےسیپکو سے6 ماہ میں جاری ڈیٹیکشن بلزکی تفصیلی رپورٹ 7 روز میں طلب کرلی۔
نیپرا ذرائع کے مطابق سیپکو نے چیمبر آف کامرس کوبھی ڈیٹیکشن بل بھیجا تھا، چیمبر آف کامرس نےسیپکو کے ڈیٹیکشن بل کےخلاف نیپرا میں درخواست جمع کروائی، جس پر سیپکوکو علیحدہ سے 7 روز جواب جمع کروانے کا حکم دیا گیا ہے۔
نیپرا ذرائع کے مطابق سیپکو کو ہدایت کی گئی کہ وہ ان متنازع بلوں کو مؤخر کرے، سپیکو نےبغیر کسی جواز کے کنزیومر سروس مینول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلزجاری کیے۔
نیپرا ذرائع کے مطابق نیپرا ریجنل آفس سکھرنےسیپکو ریجن کےاپریل 2025 کے ڈیٹیکشن بلز کا آڈٹ کیا، سکھر ڈویژن کےدفتر میں ڈیٹیکشن بلوں سے متعلق کوئی مناسب ریکارڈ دستیاب نہیں تھا، ریونیو افسران مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنے میں ناکام رہے۔