لاہور: کار کی ٹکر سے شہری کی موت کا کیس: کم عمر ڈرائیور کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
لاہور کی ضلع کچہری نے کم عمر کار ڈائیور کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا، جس کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔
کم عمر ڈائیور کی کار کی ٹکر سے ایک نوجوان کے جاں بحق اور متعدد زخمی ہونے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے گرفتار ملزم حاشر عمر کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا اور آئندہ سماعت پر پولیس سے تفتیشی رپورٹ طلب کرلی۔
واضح رہے کہ پولیس نے ملزم کے عمر کے تعین اور ذہنی معائنہ کے لیے جسمانی ریمانڈ مانگا تھا، تھانہ شاہدرہ پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے۔
گزشتہ روز لاہور کے علاقے شاہدرہ ٹاؤن میں کمسن کار ڈرائیور کی موٹرسائیکلوں کو ٹکر کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
پولیس حکام نے بتایا تھا کہ افسوس ناک حادثہ شاہدرہ ٹاؤن میں پیش آیا، تیز رفتار کار ایک کمسن ڈرائیور چلا رہا تھا، جس نے 3 موٹرسائیکل سواروں کو ٹکر ماری تھی۔
پولیس کے مطابق کمسن کار ڈرائیور کی شناخت 13 سالہ حاشر کے نام سے ہوئی، جسے شہریوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا۔