ماحولیاتی لیوی لگنے کے بعد ہنڈا نے کاروں کی قیمتوں میں 2 لاکھ روپے تک اضافہ کر دیا
ہنڈا اٹلس کارز لمیٹڈ (ایچ اے سی ایل) نے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں 47 ہزار روپے سے لے کر 2 لاکھ ایک ہزار روپے تک اضافہ کر دیا ہے، جو مالی سال 26-2025 کے وفاقی بجٹ میں حکومت کی جانب سے نافذ کردہ نیو انوائرنمنٹل وہیکل (این ای وی) لیوی کے باعث کیا گیا ہے، نئی قیمتیں یکم جولائی سے مؤثر ہوچکی ہیں۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ڈیلرز کو جاری کردہ قیمت کے نوٹس کے مطابق ہنڈا سٹی 1.2 ایم ٹی، 1.2 سی وی ٹی اور ایسپائر سی وی ٹی اب بالترتیب 47 ہزار روپے، 48 ہزار روپے اور ایک لاکھ 20 ہزار روپے اضافے کے بعد 46 لاکھ 96 ہزار روپے، 47 لاکھ 37 ہزار روپے اور 59 لاکھ 69 ہزار روپے میں دستیاب ہوں گی۔
نئی قیمت کے نوٹس کے مطابق ہنڈا بی آر وی 1.5 سی وی ٹی، سوِک اوریئل اور سوِک ٹربو آر ایس کی قیمتوں میں بالترتیب ایک لاکھ 30 ہزار روپے، ایک لاکھ 75 ہزار روپے اور 2 لاکھ ایک ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد ان ماڈلز کی نئی قیمتیں بالترتیب 64 لاکھ 29 ہزار روپے، 88 لاکھ 34 ہزار روپے اور ایک کروڑ ایک لاکھ روپے ہو گئی ہیں۔
ایچ اے سی ایل کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی اور فریٹ لاگت میں اضافے جیسے مسلسل چیلنجز کے باوجود کمپنی نے ان اثرات کو صارفین تک منتقل کیے بغیر خود برداشت کیا ہے، تاہم این ای وی لیوی کمپنی کے کنٹرول سے باہر ہے اور اسے صارفین تک منتقل کرنا ناگزیر ہے۔
یہ قیمتیں فریٹ اور ود ہولڈنگ ٹیکس کے بغیر ہیں جو صارفین سے متعلقہ شرحوں کے مطابق وصول کی جائیں گی۔