خیبرپختونخوا حکومت نے مختلف محکموں کیلئے 27 پارلیمانی سیکریٹریز مقرر کردیے
پارلیمانی سیکریٹریز کو محکموں کے قلمدان تفویض کردیے، وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے تعیناتی کی منظوری دے دی۔
حکومت خیبرپختونخوا نے مختلف محکموں کے لیے 27 پارلیمانی سیکریٹریز مقرر کردیے۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پارلیمانی سیکریٹریز کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔
صوبائی حکومت نے پارلیمانی سیکریٹریز کو محکموں کے قلمدان تفویض کر دیے جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق سوات سے منتخب پانچ ممبران صوبائی اسمبلی کو پارلیمانی سیکریٹریز مقرر کردیا گیا۔
اسی طرح لوئر دیر کے تین اور اپر دیر کے ایک ایم پی اے کو پارلیمانی سیکریٹریز بنا دیا گیا جبکہ باجوڑ، بونیر،کوہستان اپر اورکولن پالس کے ممبران کو بھی نوازا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن میں مزید بتایا گیا کہ نوشہرہ، کوہاٹ، ایبٹ آباد، مردان، چارسدہ اور ضلع خیبر کے ایم پی ایز کو مختلف محکموں کا پارلیمانی سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔