پاکستان

2 ماہ بعد بھی وزیراعظم کا سٹیزن پورٹل ناقابلِ رسائی، حکومتی خاموشی سوالیہ نشان

سٹیزن پورٹل سابق وزیراعظم عمران خان کے دور میں متعارف کروایا گیا تھا تاکہ عوامی شکایات پر فوری اور مؤثر کارروائی کی جا سکے۔

پاکستان میں عوامی شکایات کے ازالے کے لیے بنایا گیا وزیراعظم سٹیزن پورٹل گزشتہ دو ماہ سے بند ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو ماہ سے شہری ضروری مرمت کے باعث پاکستان سٹیزن پورٹل تک رسائی حاصل نہیں کر پا رہے، جس کی وجہ سے یہ ایپلیکیشن بڑی تعداد میں افراد کے لیے مؤثر طریقے سے کام نہیں کر رہی۔

شہری معراج خالد، جو کئی سالوں سے اس پورٹل کا استعمال کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ وہ ایپ تک رسائی حاصل نہیں کر پا رہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو ماہ سے جب بھی انہوں نے ایپ کھولنے کی کوشش کی، یہ پیغام آیا کہ سسٹم ضروری مرمت کے عمل سے گزر رہا ہے، بعد میں کوشش کریں۔

معراج خالد نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ حکومت نے ایپلیکیشن بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے یا واقعی اسے اپگریڈ کیا جا رہا ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ سٹیزن پورٹل سابق وزیراعظم عمران خان کے دور حکومت میں متعارف کروایا گیا تھا، اس وقت عمران خان نے سرکاری افسران کی جانب سے عوامی شکایات پر عدم توجہ کا اعتراف کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ شکایات اس پورٹل کے ذریعے درج کروائیں۔

اسی طرح، بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی اس پلیٹ فارم کے استعمال کی ترغیب دی گئی تھی۔

معراج خالد کے علاوہ بھی کئی دیگر صارفین ایپ کی بندش پر ناراض ہیں۔

محمد آصف نے کہا کہ بدقسمتی سے میں ایپ کھول ہی نہیں سکتا، جس کی وجہ سے اپنی ٹریکنگ آئی ڈی کا اسٹیٹس بھی نہیں دیکھ سکتا۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ای میل کے ذریعے شکایت کی تفصیل جاننے کی کوشش کی، لیکن وہ بھی ممکن نہ ہو سکی۔

پورٹل کی ویب سائٹ پر فراہم کردہ معلومات کے مطابق وزیراعظم پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ (پی ایم ڈی یو) ایک قومی شکایتی و عوامی مسائل کے ازالے کا نظام ہے۔

ویب سائٹ پر درج ہے کہ شہری کسی بھی سرکاری ادارے سے براہ راست رابطہ کر کے اپنی شکایت یا تجویز بھیج سکتے ہیں، شکایت سرکاری قواعد کے مطابق حل کی جائے گی، اس کے لیے کسی سفارش یا جسمانی طور پر دفتر جانے کی ضرورت نہیں، شکایت کے اسٹیٹس کے بارے میں ریئل ٹائم ٹریکنگ اور باقاعدہ اپڈیٹس دی جاتی ہیں، شکایت درج کرانے یا کیس جمع کروانے کے لیے کوئی وقت مخصوص نہیں۔

اس نمائندے نے سٹیزن پورٹل کی ہیلپ لائن 9000111-051 پر رابطہ کیا، جہاں ایک نمائندے نے کال اٹینڈ کرتے ہوئے تصدیق کی کہ گزشتہ دو ماہ سے پورٹل میں مسئلہ موجود ہے۔

نمائندے نے بتایا کہ یہ مسئلہ ایپ/سسٹم کی اپگریڈیشن کی وجہ سے ہے، جس کی وجہ سے کچھ صارفین ایپ تک رسائی حاصل نہیں کر پا رہے۔

تاہم، بعض صارفین اب بھی ایپ استعمال کر کے اپنی شکایات کا اسٹیٹس چیک کر رہے ہیں، اس لیے یہ کہنا درست نہیں کہ پورٹل مکمل طور پر بند ہو چکا ہے۔

ان کے مطابق یہ مسئلہ ممکنہ طور پر ایک ہفتے میں حل ہو جائے گا یا کچھ مزید دن لگ سکتے ہیں، جس کے بعد تمام صارفین کو ایپ تک رسائی ممکن ہو جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ صارفین ای میل کے ذریعے ٹریکنگ نمبر شیئر کر کے اپنی شکایت کی موجودہ حیثیت معلوم کر سکتے ہیں اور متعلقہ محکمہ ان سے رابطہ کرے گا۔

تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ ایپ بند ہونے کے باعث ٹریکنگ نمبر تک رسائی بھی ممکن نہیں، اس لیے متاثرہ صارفین کو مزید ایک ہفتے یا اس سے کچھ زیادہ انتظار کرنا ہوگا۔