کاروبار

کے الیکٹرک صارفین مسلسل چھٹی بار ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے مکمل فائدے سے محروم

کے الیکٹرک نے اپریل کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ 4 روپے 69 پیسے کمی کی درخواست کی تھی تاہم نیپرا نے گزشتہ روز 4 روپے 3 پیسے فی یونٹ کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کو مسلسل چھٹی بار ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں مکمل فائدے سے محروم کردیا، اپریل کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کے الیکٹرک صارفین کو مزید 66 پیسے فی یونٹ کاریلیف مل سکتا تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق کے الیکٹرک نے اپریل کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ 4 روپے 69 پیسے کمی کی درخواست کی تھی، تاہم نیپرا نے گزشتہ روز 4 روپے 3 پیسے فی یونٹ کمی کا نوٹی فکیشن جاری کیا۔

نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کے لیے اپریل کی ایڈجسٹمنٹ میں مزید 80 کروڑ روپے کی کمی روک دی ہے، اپریل کی ایڈجسٹمنٹ میں 7 ارب 17 کروڑ 30 لاکھ کمی بنتی تھی تاہم نیپرا نے 6 ارب 17 کروڑ 60 روپے کمی کی اجازت دی جبکہ کےالیکٹرک نےاپریل کے ایڈجسٹمنٹ میں 4 روپے 69 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی۔

اس سے قبل کے الیکٹرک صارفین کے لیے مارچ کی ایڈجسٹمنٹ میں 5 روپے 2 پیسے فی یونٹ کمی بنتی تھی اور نیپرا نے 2 روپے 99 پیسے فی یونٹ کمی کی اجازت دی تھی، فروری کی ایڈجسٹمنٹ میں کراچی کے لیے 6 روپے 62 پیسے کمی بنتی تھی اور نیپرا نے 3 روپے 64 پیسے فی یونٹ کمی کی تھی۔

جنوری 2025 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں 5 روپے 8 پیسےکمی بنتی تھی تاہم 3 روپے 2 پیسے کمی کی گئی تھی، دسمبر 2024 کی ایڈجسٹمنٹ میں 5 روپےکمی بنتی تھی تاہم 3 روپے کی کمی کی گئی تھی جبکہ کے الیکٹرک نے 4 روپے 95 پیسے فی یونٹ کمی مانگی تھی.

نومبر 2024 کی ایڈجسٹمنٹ میں 5 روپےکمی بنتی تھی تاہم ایک روپے 23 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی تھی جبکہ نومبر کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کے الیکٹرک نے 4 روپے 98 پیسے فی یونٹ کی کمی مانگی تھی۔