پاکستان

لاہور: 8 گھنٹے میں 136 ملی میٹر بارش، نشیبی علاقے زیر آب، بچی سمیت 2 افراد جاں بحق

پی این ٹی کالونی میں نالے کی دیوار ٹوٹنے سے پانی گھروں میں داخل، نظامِ زندگی مفلوج، محکمہ موسمیات کی مزید بارشوں کی پیشگوئی، ایک گھنٹے میں نکاسی کرلی تھی، صوبائی وزیر کا دعویٰ

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں 8 گھنٹے میں 136 ملی میٹر بارش کے تاریخی اسپیل نے تباہی مچادی، نشیبی علاقے زیر آب آگئے، پی این ٹی کالونی میں نالے کی دیوار ٹوٹنے سے نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا، مختلف حادثات میں بچی سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے، محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی۔

ڈان نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے نشتر ٹاؤن، اقبال ٹاؤن، سمن آباد، قرطبہ چوک، فرخ آباد، ناخدا چوک، جوہڑ ٹاؤن، لکشمی، گلشن راوی، تاج پورہ، ملتان روڈ، گلبرگ، اسلام پورہ سمیت شہر بھر میں بادل جم کر برسے۔

موسلا دھار بارش سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، راہ گیر گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو دھکا لگاتے رہے، نکاسی آب کے لیے سرکاری مشینری بھی اپنے طور پر جتن کرتی دکھائی دی۔

ایل او ایس نالے کی دیوار ٹوٹنے سے گندا پانی پی این ٹی کالونی کے گھروں میں داخل ہوگیا، جس کی وجہ سے گھروں میں پڑا سامان خراب ہوگیا، جب کہ مکین متعلقہ اداروں کو مدد کی دہائیاں دیتے رہے۔

وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، لاہور کے جناح ہسپتال کے داخلی راستوں پر بارش کا پانی تاحال جمع ہے، مریضوں اور تیمارداروں کو ہسپتال آنے میں دشواری کا سامنا ہے، ہسپتال کے کئی کمروں کی چھتیں بھی ٹپکنے لگی ہیں۔

لاہور میں طوفانی اسپیل کے بعد بارش تھم گئی، تاہم متعدد علاقوں سے پانی کو نکالنے کے اقدامات نہیں کیے جاسکے، تاریخی ورثے شالیمار کے ساتھ ملحقہ میجر جمیل روڈ اب بھی تالاب کا منظر ہیش کررہا ہے ۔

ایک گھنٹے میں اہم مقامات کی نکاسی کرلی تھی، صوبائی وزیر

لاہور میں بارش کے بعد ایک جانب نکاسی نہ ہونے پر شہری پریشان ہیں، تو دوسری جانب وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے دعویٰ کیا کہ ایک گھنٹے میں لاہور کے اہم مقامات سے پانی نکال لیا گیا تھا۔

بلال یاسین نے کہا کہ لاہور میں جس طرح کم وقت میں بانی کی نکاسی کی گئی، ایسی دنیا بھر میں کوئی مثال نہیں ملتی، بھارت اور نیویارک میں 200 ملی میٹر بارش کے بعد پانی 20 گھنٹوں میں نکالا گیا، مگر ہم نے ایک سے 2 گھنٹوں میں اہم مقامات سے پانی کی نکاسی کروا دی۔

انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت دیگر شہروں میں بھی بارش کے باعث جمع ہونے والے پانی کی نکاسی کردی جائے گی، لاہور کے 31 انڈر پاسز کو بروقت کلیئر کردیا گیا تھا، لاہور میں مجموعی طور پر 13 زیر زمین واٹر ٹینک بنائے جا رہے ہیں، بارش پیک آورز میں ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔