حماس کا اسرائیلی فوجیوں پر حملہ، ایک اہلکار ہلاک
فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس نے کہا ہے کہ اس کے جانبازوں نے جنوبی غزہ میں ایک اسرائیلی فوجی کو ہلاک کر کے اس کا اسلحہ قبضے میں لے لیا۔
ترکیہ کے سرکاری خبر رساں ادارے انادولو ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے ایک بیان میں کہا کہ اس کے جانبازوں نے خان یونس کے مشرق میں واقع اباسان الکبیرہ کے علاقے میں اسرائیلی فوجیوں اور فوجی گاڑیوں کے ایک گروپ پر حملہ کیا۔
بیان کے مطابق حماس کے جنگجوؤں نے اینٹی ٹینک گولوں سے ایک مرکاوہ ٹینک اور ایک بکتر بند نفری بردار گاڑی کو نشانہ بنایا اور ایک اسرائیلی فوجی کو پکڑنے کی کوشش کی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ’ میدان جنگ کی صورتحال کی وجہ سے اسرائیلی فوجی کو پکڑنا ممکن نہیں ہوسکا تھا۔’
حماس نے یہ بھی کہا کہ اس کے جنگجوؤں نے اباسان الکبیرہ میں دو فوجیوں کو لے جانے والی ایک اسرائیلی فوجی کھدائی کرنے والی مشین کو راکٹ پروپیلڈ گرنیڈ سے نشانہ بنایا۔
دوسری جانب ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق ہلاک فوجی کی شناخت 25 سالہ ماسٹر سارجنٹ (ریزرو) ابراہام ازولائی کے طور پر ہوئی، جو جنوبی کمان کی کامبیٹ انجینئرنگ یونٹ میں ہیوی انجینئرنگ آپریٹر تھا اور مغربی کنارے کی بستی یتسہار سے تعلق رکھتا تھا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق حماس نے جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں ایک سرنگ سے اچانک نکل کر اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کر دیا تھا۔