اداکارہ حمیرا اصغر کا بھائی میت لینے کیلئے کراچی پہنچ گیا
اداکارہ حمیرا اصغر کا بھائی مرحومہ کی میت لینے کے لیے لاہور سے کراچی پہنچ گیا۔
کراچی جنوبی کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) سید اسد رضا نے بتایا کہ مرحومہ اداکارہ اور ماڈل حمیرا اصغر علی، جن کی کئی ماہ پرانی لاش حال ہی میں ڈی ایچ اے فیز VI کے ایک فلیٹ سے ملی تھی، ان کے بھائی نے کراچی پہنچ کر میت کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈی آئی جی نے بتایا کہ حمیرا کا بھائی نوید اصغر آج لاہور سے کراچی پہنچا ہے ، اس نے ایس ایس پی ساؤتھ مہظور علی اور گزری تھانے کے ایس ایچ او فاروق احمد سنجرانی سے ملاقات کی ہے اور پولیس کو بتایا ہے کہ وہ اپنی بہن کی میت کو لاہور لے جا کر سپرد خاک کرنا چاہتا ہے۔
ڈی آئی جی سید اسد رضا کے مطابق پولیس میت بھائی کے حوالے کر دے گی۔
تحقیقات کے حوالے سے جنوبی کراچی زون کے پولیس چیف نے بتایا کہ موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے ہسٹاپیتھولوجیکل اور کیمیائی تجزیے کی رپورٹس کا انتظار کیا جا رہا ہے، اگر کوئی مجرمانہ پہلو سامنے آیا تو پولیس مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کرے گی۔
مرحومہ اداکارہ کی ایک مبینہ دوست کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی معلومات کے بارے میں ڈی آئی جی نے بتایا کہ مذکورہ خاتون کا موبائل نمبر مسلسل رابطے کی کوششوں کے باوجود بند ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے اب تک کسی نے بھی پولیس سے رابطہ نہیں کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں حمیرا اصغر کی لاش کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ایک فلیٹ سے اُس وقت ملی تھی، جب پولیس عدالتی حکم پر مکان مالک کی شکایت پر فلیٹ خالی کرانے پہنچی تھی۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جنوبی سید اسد رضا نے بتایا تھا کہ پولیس ٹیم نے جب فلیٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا تو اندر سے کوئی جواب نہیں ملا، جس کے بعد دروازہ توڑ کر داخل ہونے پر اداکارہ کی لاش ملی تھی۔
پوسٹ مارٹم کرنے والی پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید کے مطابق لاش گلنے سڑنے کے انتہائی مرحلے میں داخل ہو چکی تھی اور اس قدر مسخ ہو گئی تھی کہ فوری طور پر موت کی وجہ بیان کرنا ممکن نہیں۔
پولیس اداکارہ کی موت کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔